شوپیان میں قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف لوگوں کے احتجاجی مظاہرے

بدھ 3 جولائی 2019 13:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکمرانوں کی بے حسی نے شوپیان کے عوام کو ضلع میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبورکیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے صحافیوںکو بتایاکہ شوپیان کے بہت سے علاقوں میں گزشتہ کئی دنوںسے پینے کا صاف پانی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ضلع کے علاقے امام صاحب کے ایک باشندے نے کہاکہ علاقے کے بہت سے گائوں میںگزشتہ چار روزسے پانی نہیں ہے اور جو پانی آرہا ہے وہ ریت اور مٹی سے بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع میں کوئی بھی فلٹریشن پلانٹ کام نہیں کررہا۔ انہوں نے کہاکہ پہنو میں نصب فلٹریشن پلانٹ غیر فعال ہے جوایک درجن کے قریب گائوں کو پانی فراہم کرتا تھا۔ چتراگام بیلٹ میں بھی پانی کی قلت کا مسئلہ ہے جہاں گزشتہ دس سال سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔ قابض حکام نے پانی کی قلت کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ انہیں خستہ حال اور پرانے بنیادی ڈھانچے کے ذریعے لوگوں کو خدمات فراہم کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔