مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور پاکستان سلامتی کونسل میں بھارت کے حق ووٹ دے رہا ہے‘سید ارشد بخاری

جماعت اسلامی کشمیریوں کے حقوق کی آوازبلند کرتی رہے گی ،کسی کو بھی شہداء کشمیر کے ساتھ بے وفائی نہیں کرنے دی جائے گی‘امیر جماعت اسلامی ضلع مطفرآباد

بدھ 3 جولائی 2019 13:59

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2019ء) جماعت اسلامی حلقہ چار کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآبادسید ارشد بخاری کی زیر صدارت منعقد ہوا ،اجلاس میں حلقہ چار کے ممبران وعہدیداران نے شرکت کی ،اجلاس میں 8جولائی یوم شہداء کشمیر کانفرنس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد سید ارشد بخاری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور پاکستان سلامتی کونسل میں بھارت کے حق ووٹ دے رہا ہے ،جو ایک بڑے افسوس کی بات ہے ،ایک طرف پاکستان کشمیریوں کے وکیل کا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے کشمیریوں کے خون سے کھیل رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی شہداء کشمیر کے ساتھ بے وفائی نہیں کرنے دی جائے گی ،کشمیریوں کے حق کیلئے ہمیں قربانیاں بھی دینی پڑی تو دیں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حلقہ چار کے ممبران نائب امیر ضلع لطیف عباسی ،طاہر السلام ،فیاض عباسی ،ودیگر عہدیداران نے شرکت کی،اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں کے حقوق کی آوازبلند کرتی رہے گی ،کسی کو بھی شہداء کشمیر کے ساتھ بے وفائی نہیں کرنے دی جائے گی ،8جولائی شہدائے کانفرنس میں حلقہ چار سے ایک بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ پیغام دیں گے کہ اہل مظفرآباد ہی نہیں بلکہ پورا کشمیر آپ کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ۔