کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ غلام احمد گلزار پرکالا قانون پی ایس اے لاگو، حکیم عبدالرشید پارٹی کے نئے ترجمان نامزد

بدھ 3 جولائی 2019 18:47

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میںقابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند ترجمان اعلیٰ غلام احمد گلزار پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے جموںکی اودھمپور جیل منتقل کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے غلام احمد گلزار کو گزشتہ ماہ کی 15تاریخ کو گرفتار کر کے سرینگر کے شیر گڑھی پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیاتھا۔

قابض انتظامیہ نے انہیں کالاقانون لاگو کر کے اوھمپورجیل منتقل کردیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں حریت کانفرنس کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد گلزار پر کالاقانون لاگو کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس نے اجلاس کے بعد سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ پندرہ دنوں میں ہی ایک شخص کی پرانے الزامات کے تحت دوبارہ گرفتاری سے نظم و نسق اور قانون کی حکمرانی بری طرح بے نقاب ہو گئی ہے۔

حریت کانفرنس نے حکیم عبدالرشید کو پارٹی کا نیا ترجمان نامزد کیا ہے۔ تحریک حریت جموں وکشمیرکے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںافسوس ظاہر کیا ہے کہ بھارتی جیلوںمیںغیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے ۔ وہ سرینگر کے علاقے مائسمہ میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک کی رہائش گاہ پر گئے ۔

انہوںنے یاسین ملک کی والدہ اور بہنوں سے ملاقات کی اور محمد یاسین ملک کی خیریت دریافت کی ۔ تحریک حریت کے چیئرمین بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند سرتاج احمد ڈار اور پرویز احمد ریشی کی رہائش گاہوں پر بھی گئے ۔ جموںوکشمیر فریڈم موومنٹ کے چیئرمین محمد شریف سرتاج نے جموں سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی پارلیمنٹ بھی دہشت گرد ذہنیت کے حامل لوگوں سے خالی نہیںہے ۔

انہوںنے کہاکہ دائیں بازو کی تنظیموں سے وابستہ ہندو دہشت گرد وںکو پارلیمنٹ کے فلور سے جے شری رام کے نعروںکے ذریعے مسلمانوںکی نسل کشیُ کے پیغامات دیے جارہے ہیں ۔ جموںوکشمیر ماس موومنٹ کے چیئرپرسن فریدہ بہن جی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے نوجوانوںکی قربانیاں کشمیری عوام کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔

جموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے درپے ہے۔بھارت کی فرقہ پرست پولیس نے جموں کے علاقوں راجوری اور پونچھ میں 4مسلمان تاجروںکو گائے کی سمگلنگ کاالزام لگاکر گرفتارکرلیا ہے۔پولیس نے چار درجن گائیں بھی اپنے قبضے میں لے لیں۔ادھربھارتی قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شوپیان میں لوگوںنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔دریںاثناء ضلع اسلام آباد کے دومختلف علاقوں سے ایک لڑکی سمیت تین افراد کی لاشیں پراسرار حالت میں ملی ہیں۔