بیرون کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے اور اجاگر کرنے میں اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے،بیرسٹر سلطان محمود

بدھ 3 جولائی 2019 21:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2019ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے سابق صدرکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے اور اجاگر کرنے میں بڑا اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے اب جبکہ پھر بھارت مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کے لئے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی لابی استعمال کر رہا ہے یہاں تک کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور بربریت پر اقوام متحدہ کی رپورٹ شائع کرنے پر بھی پابندی کی بات کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان حالات میں بیرون ملک کشمیریوں کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو جائے کہ وہ ہر سطح اور فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہان پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں فرینڈز آف کشمیر کی چئیرپرسن غزالہ حبیب سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر فرینڈز آف کشمیر کی چئیرپرسن غزالہ حبیب نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو رواں سال ستمبر میں ڈالاس کے دورے کی دعوت دی جو بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کرلی اور کہا کہ جب وہ ستمبر میں امریکہ آئیں گے تو ڈالاس کا بھی دورہء کریں گے اور وہاں پر سینیٹرز اور کانگریس مین سے ملاقاتیں کرکے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیں گے۔***