پاکستان پیپلز پارٹی نے صادق سنجرانی کے معاملے پر غور شروع کر دیا، اپنا اُمیدوار لانے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی نے پارٹی کے تین رہنماؤں کو چئیرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے اُمیدوار نامزد کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 4 جولائی 2019 15:49

پاکستان پیپلز پارٹی نے صادق سنجرانی کے معاملے پر غور شروع کر دیا، اپنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 جولائی 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی نے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے معاملے پر غور شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے چئیرمین سینیٹ کے لیے اپنے اُمیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے پارٹی کے تین رہنماؤں کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے چئیرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے رضا ربانی ، سلیم مانڈوی والا اور رحمان ملک کو نامزد کیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ کافی عرصہ سے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی تبدیلی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں بھی چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کی تبدیلی کا معاملہ زیر غور آیا جس پر اتفاق کر لیا گیا۔اگر سینیٹ میں نمبر گیم کے حوالے سے دیکھا جائے تو اس معاملے میں اپوزیشن کا پلڑا زیادہ بھاری ہے۔

(جاری ہے)

104 رکنی ایوان میں سینیٹرز کی موجودہ تعداد 103 ہے۔

چئیرمین سینیٹ کی نشست کے لیے 53 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ گذشتہ روز متحدہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک سیاسی جماعتوں کے سینیٹ میں مجموعی طور پر ارکان کی تعداد 60 ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی ایوان بالا میں موجودہ نشستوں کو دیکھا جائے تو مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کی تعداد 28 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 20 ارکان ہیں۔ اپوزیشن اتحاد میں شامل نیشنل پارٹی کے 5 ، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے 4 ،پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے 2 اور اےاین پی کا ایک رکن شامل ہے۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ایوان بالا کی چئیرمین شپ سے ہٹانے کے لئے ایک چوتھائی ارکان کے دستخطوں کے ساتھ قرارداد لانے کے لیے تحریک جمع کروائی جائے گی۔ جس کے بعد سینیٹ کے رُولز آف پروسیجر کے تحت چئیرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے جمع کروائی گئی تحریک پر ووٹنگ کے لیے سات روز بعد اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں قرارداد پر ووٹنگ کروائی جائے گی۔

اگر چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تو اس کے بعد چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ جس کے بعد سینیٹ سیکریٹریٹ نئے چئیرمین کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کرے گا۔ ایوان بالا کے چئیرمین کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کو نامزد کیا جائے گا۔چئیرمین سینیٹ کی تبدیلی کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے اندرونی اختلافات ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

اس حوالے سے سینئیر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے اپنے کالم میں لکھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت قومی اسمبلی میں تقریریں تو کررہی ہے لیکن پیپلز پارٹی میں بھی کوئی اتحاد نہیں ہے کیونکہ آدھی پیپلز پارٹی رضا ربانی کو چئیرمین سینیٹ بنوانے کی خواہشمند ہے اور باقی آدھی سلیم مانڈوی والا کے ساتھ ہے۔ جبکہ اب رحمان ملک کو بھی اس عہدے کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔