Live Updates

رانا ثناء اللہ کی گرفتاری تاریخ کا سیاہ باب ہے. شاہدخاقان عباسی

نواز شریف ہی پاکستان کی سیاست کامحور ہیں اور رہیں گے. سابق وزیراعظم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 جولائی 2019 15:52

رانا ثناء اللہ کی گرفتاری تاریخ کا سیاہ باب ہے. شاہدخاقان عباسی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جولائی۔2019ء) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے راہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری تاریخ کا سیاہ باب ہے، یہ سب حرکتیں نہ پہلے کامیاب ہوئیں نہ اب ہوں گی. لاہور میں کوٹ لکھپت جیل کے باہر نون لیگ کے دیگر راہنماﺅں کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فسطائی ہتھکنڈے آمریت میں بھی کامیاب نہیں ہوئے تو اب کیا ہوں گے، نواز شریف ہی پاکستان کی سیاست کامحور ہیں اور رہیں گے.

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان نے این آر او دینا ہے تو پہلے اس وزیر کو دیں جو وزارتِ صحت کے پیسے کھا کر بھاگ چکا ہے، حکومت نے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کیا ہے، ہمارا ہدف عمران خان ہیں، انہوں نے جو مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالا ہے اس کا حساب لیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، 40 کے قریب ایم این اے، ایم پی اے نواز شریف سے ملنے جیل آئے ہیں، جیل کی سلاخیں اور حکومتی ہتھکنڈے ہمارے دیکھے ہوئے ہیں، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے.

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مشرف کی آمریت میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا، رانا ثناءاللہ کے خلاف 15 کلو ہیروئن ڈال کر مقدمہ درج کیا گیا، ماضی میں سیاسی لیڈروں کے خلاف بھینس چوری کے مقدمات درج کیے گئے، رانا ثناءاللہ دلیر آدمی ہیں جنہوں نے ضیاءالحق اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا، وہ دلیری سے عمران خان کا بھی مقابلہ کریں گے. واضح رہے کہ آج کوٹ لکھ پت جیل میں اپنی سزا کاٹنے والے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کا دن تھا‘اس موقع پر میاں شہباز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور بہن سمیت شریف خاندان کے 5 ارکان نے 2 گھنٹے جیل میں میاں نواز شریف سے تو ملاقات کی تاہم مسلم لیگ نون کے دیگر راہنماﺅں اور کارکنوں کو کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت نہ ملی.


Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات