بین الاقوامی گروہ کے گرفتار ہونے والے کارندوں کی نشاندہی پر رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا،

گرفتاری سے قبل ان کی گاڑی کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی، وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کی ڈی جی اے این ایف کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 4 جولائی 2019 16:24

بین الاقوامی گروہ کے گرفتار ہونے والے کارندوں کی نشاندہی پر رانا ثنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ بین الاقوامی گروہ کا حصہ تھے، ان کی گرفتاری کے لیے ان کی گاڑی کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی ہے،یہ 15 کلو ہیروئن کا معاملہ نہیں بلکہ یہ ملک کی سالمیت کا معاملہ ہے،کوئی بھی رکن اسمبلی قانون سے بالا تر نہیں ہے۔

وہ جمعرات کو ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ہمراہ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر مملکت شہریار آفریدی نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے برآمد ہونے والی منشیات پہلے فیصل آباد اور پھر لاہور جانی تھی جس کے بعد یہ ملک سے باہر چلی جاتی۔انہوں نے کہا کہ اس تمام جرم میں بین الاقوامی گروہ ملوث ہے، جس کے کچھ کارندے گرفتار ہوئے اور ان کی نشاندہی پر ہی رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیگی رہنا کو گرفتار کرنے سے قبل ان کی نگرانی کی گئی اور پھر 3 سے 4 روز بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑے لوگ ہیں، ان کی گاڑیوں میں منشیات اسمگلنگ ہوتی ہے، اور ان کی گاڑیوں کو ناکے پر روکا نہیں جاتا اور نہ ہی ان کی تلاشی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومت کی جرائم کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی ہے اور اس میں بڑے مگرمچھوں کو بھی پکڑا جائے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اینٹی نارکوٹسک فورس (اے این ایف) کا کہنا تھا کہ ملک میں اے این ایف ایک پیشہ ور فورس ہے جس نے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے متعدد کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔