مقبوضہ کشمیر، تحریک وحدت اسلامی کا منشی غلام حسن کے انتقال پر اظہار رنج و غم

جمعرات 4 جولائی 2019 18:08

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک وحدت اسلامی نے ممتاز تاریخ دان، سکالر اور سول سوسائٹی کے کارکن منشی غلام حسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منشی غلام حسن مختصر علالت کے بعد بدھ کے روز سرینگر کے علاقے نوپورہ میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔

انکی عمر 92برس تھی ۔ مرحوم جموںوکشمیر بنک کے چیئر مین اورسیلز ٹیکس کمشنر بھی رہے۔ تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ منشی غلام حسن ایک اعلیٰ پائے کے مصنف تھے اور انہوں نے اپنے والد منشی اسحاق جو جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے ایک ممتاز رہنما تھے کی 1930تا1960کے درمیان مرتب کردہ یادداشتوں کو ’’ ندائے حق‘‘ کے نام سے کتابی شکل بھی دی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کشمیر کی پر آشوب سیاسی تاریخ کے حوالے سے مرحوم کے مضامین اور مقالات متواتر طورپر اخبارات میں شائع ہوتے رہے۔ ترجمان نے کہا کہ ’’ندائے حق ‘‘ میں تحریک آزادی کو سبو تاژ کرنے کے حوالے سے نیشنل کانفرنس کے رہنمائوں خاص طورپر شیخ عبداللہ کے کردار کو بے نقاب کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک پرہیز گار اور نیک سیرت انسان تھے اور مختلف اعلیٰ عہدوں پر کام کرتے ہوئے بھی ایمانداری اور تقوی کا راستہ اختیار کیے رکھا۔ترجمان نے کہا کہ بحیثیت سرپرست فلاح عام ٹرسٹ نادار اور غریب بچوں کی پڑھائی کیلئے مالی معانت بھی کرتے رہے۔ تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم کے درجات کی بلندی اور غم زدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔