ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی شبیر شاہ اور دیگر سیاسی رہنمائوںکی مسلسل نظربندی کی مذمت

جمعرات 4 جولائی 2019 18:13

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںو کشمیرڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دو برس کا عرصہ گزرنے کے بعد بھارتی تحقیقاتی ادارے ان کے خلاف کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں تاہم انہیں رہا نہیں کیاجارہا ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شبیر شاہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میں بھر پور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے شبیر شاہ کی غیر قانونی نظربندی کو طول دے رہا ہے تاکہ انکے سیاسی عزم کو توڑا جاسکے ۔

(جاری ہے)

تاہم انہوںنے کہاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔

ترجمان نے شبیر احمد شاہ اورغیر قانونی طورپرنظربند دیگر حریت رہنمائوں کے خلاف درج جھوٹے مقدمات کی سماعت میں غیر ضروری تاخیر پر افسوس ظاہر کیا۔ انہوںنے کہاکہ شبیر شاہ کو ان کے سیاسی موقف کی بناپر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوںنے پوری عمر سیاسی مسائل کے مذاکرات کے ذریعے حل کے فلسفہ کی ترویج کی ہے۔ ترجمان نے شبیر احمد شاہ سمیت غیر قانونی طورپر نظربند تمام سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔