مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ظفر اکبر

جمعرات 4 جولائی 2019 18:13

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں کشمیر سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے تنازع کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کشمیرکو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیںہو سکتا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ظفر اکبر بٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارت اور پاکستان کی قیادتوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اورآپسی اعتماد کو بحال کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے مرناتھ یاترا کے حوالے سے کہا کہ یاتری کشمیریوں کے مہمان ہیں اور جموں کشمیر کے لوگوں نے ہمیشہ بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاتریوں کو ہر سہولیات بہم پہنچائیں۔ادھر حریت رہنما جاوید احمد میرنے بھارتی پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے نوجوانوں کے اہل خانہ کے ایک وفد سے سرینگر میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ بھارتی پولیس نے انکے پیاروںکو جھوٹے مقدمات میں دھر لیا ہے اور اب انہیں شدید گرمی میں جموں اور بھارت کی مختلف جیلوںمیں رکھا گیا ہے۔

جاوید احمد میر نے اہلخانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں کے جذبہ حریت اور انکے صبر و استقامت کو سراہا اور کہا کہ جذبہ آزادی سے سرشار کشمیریوں کے خلاف بھارتی کی جارحانہ پالیسی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، آسیہ اندرابی اور دیگر حریت رہنمائوں کے حوصلے توڑنے کیلئے انہیں مسلسل نظر بند رکھا جا رہا ہے۔ جاوید احمد میر نے کہا کہ کشمیری پر امن طریقے سے تنازعہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں جس کے لیے وہ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔