ریجنل ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام راجہ کلیم اللہ خان کی زیر صدارت وسیلہ تعلیم پروگرام کی ریجنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 4 جولائی 2019 18:17

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) ریجنل ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام راجہ کلیم اللہ خان کی زیر صدارت بی آئی ایس پی کے وسیلہ تعلیم پروگرام کی ریجنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی نویں سہ ماہی کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں راجہ کلیم اللہ خان نے وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا پورے ملک بشمول آزاد کشمیرمیں یتیم افراد کے لئے ایک جامع پالیسی بنانے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے پر شکریہ ادا کرتے ہو ئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں بھی یتیم اور معصوم بچوں کو معیاری تعلیم ، صحت ، رہائش، غذا اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قیامت خیز زلزلے کے بعد یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے اس قسم کے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران وسیلہ تعلیم پروگرام کی کارکردگی اورحاصل کردہ اہداف پر تفصیلی غو و خوص کیا گیا۔ منعقدہ اجلاس میںمحکمہ تعلیم کے اسپیشل سیکرٹری خالد مرزا نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ڈائریکٹر ایجوکیشن ظہور احمد، ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن مصباء اعوان ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن مردانہ سید ارشدحسین شاہ ،ڈائریکٹر توسیع نظامت تعلیم راجہ نصیر اور عبدالوحید نے شرکت کی ۔

سپیشل سیکرٹری تعلیم خالد مرزا نے آزاد کشمیر کے پانچ اضلاع میں 79,963غریب بچوں کے سکولوں میںانداراج اور تعلیم کی فراہمی کیلئے بی آئی ایس پی وسیلہ تعلیم پروگرام اور NRSP کی پوری ٹیم کی قابل قدر کاوشوں کی سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم آزادکشمیر اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گا۔ انہوںنے اپنے سٹاف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ وسیلہ تعلیم اقدام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں اس موقع پر انہوں کہا کہ تعلیم ہی کی بدولت ہم اپنی آنے والی نسلوں کے رویوں میں بہتر ی لا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :