جوڈیشل کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد

جمعرات 4 جولائی 2019 18:20

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) چیئرمین منتظمہ کمیٹی جوڈیشل کانفرنس و سینئر جج سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی زیر صدارت جوڈیشل کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کے روز چیف جسٹس کے چیمبر میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں چیف جسٹس آزاد جموںوکشمیرجسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں جوڈیشل کانفرنس کے موقع پر سیکورٹی و دیگر معاملات کی نگرانی کیلئے رجسٹرار سپریم کورٹ کی سربراہی میں ڈی آئی جی پولیس اور کمشنر مظفرآباد ڈویژن پر مشتمل ذیلی کمیٹی قائم ہوئی۔اس موقع پر جوڈیشل کانفرنس کے انتظامات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میںجج سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل ، چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانا، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر صلاح الدین خان ، رجسٹرار سپریم کورٹ شیخ راشد مجید نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور انسپکٹر جنرل پولیس نے کانفرنس کے انتظامات کے سلسلہ میں تجاویز دیں جبکہ رجسٹرار سپریم کورٹ کی سربراہی میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اور کمشنر مظفرآباد پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جوڈیشنل کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر سکیورٹی اور دیگر معاملات کی نگرانی کرے گی ۔ بعدازاں دوسرے اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہر اقبال ، ڈائریکٹر جنرل سیاحت ارشاد احمد پیرزادہ ، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد رفیق نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و سیاحت محترمہ مدحت شہزاد نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آزاد کشمیر میں ٹور ازم کے فروغ کے حوالہ سے بریفنگ دی اور ملٹی میڈیا پر ڈاکو منٹری بھی دکھائی جو کہ جوڈیشل کانفرنس میں دکھائی جائے گی ۔