بھارت دہشت گردی کی کارروائیوں سے پاکستان کو کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے نہیں روک سکتا ،سردار مسعود خان

آزاد کشمیر کی دھرتی مجاہدوں ، غازیوں اور سرفروشوں کی سرزمین ہے دشمن کی یہ بھول ہے کہ وہ بزدلانہ کارروائیوں سے ہمیں خاموش کر دے گا یا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی تحریک کو کچل دے گا U چھمب سیکٹر میں دھماکہ اور اُس کے نتیجہ میں پاک فوج کے پانچ جوانوں کی شہاد ت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر، صدر آزاد کشمیر نے اسے ممکنہ طور پر دشمن کی کارروائی قرار دیا

جمعرات 4 جولائی 2019 21:53

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کی کارروائیوں سے پاکستان کو کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے نہیں روک سکتا ہے ۔ آزاد کشمیر کی دھرتی مجاہدوں ، غازیوں اور سرفروشوں کی سرزمین ہے دشمن کی یہ بھول ہے کہ وہ بزدلانہ کارروائیوں سے ہمیں خاموش کر دے گا یا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی تحریک کو کچل دے گا ۔

آزاد کشمیر کے چھمب سیکٹر میں دھماکہ اور اُس کے نتیجہ میں پاک فوج کے پانچ جوانوں کی شہاد ت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے اسے ممکنہ طور پر دشمن کی کارروائی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک عرصہ سے 2003 ء کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو بلا جواز نشانہ بنا رہا ہے اور آج کے واقعہ میں بھارت کے ملوث ہونے کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھمب سیکٹر کے افسوسناک واقعہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ بھارت خطہ میں امن و استحکام کا سب سے بڑا دشمن ہے جس کی دہشتگردانہ کارروائیوں سے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کشمیری نشانہ بن رہے ہیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے برنالہ بم دھماکے میں شہید ہونے والے پاک آرمی کے جوانوں کومادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پرشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور شہید ہونے والے جوانوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔

انہوں نے بھارت کی خطہ میں دہشتگردانہ کارروائیوں اور امن و استحکام کے خلاف دشمنی قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے مداخلت کرے ۔انہوں نے اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت کی امن دشمن پالیسیوں کا سختی سے نوٹس لے کر خطہ اور عالمی امن کو لاحق خطرات سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔