کوئٹہ،چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ہدایت پر بلوچستان میں ای کورٹس کا افتتاح

جمعرات 4 جولائی 2019 23:43

کوئٹہ،چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ہدایت پر بلوچستان میں ای کورٹس کا ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2019ء) چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ہدایت پر بلوچستان میں ای کورٹس کا افتتاح کردیا گیا ، ای کورٹس کے افتتاح سے وکلاء کوئٹہ رجسٹری میں ہی اپنے مقدمات پر جرح کرسکیں گے ، جس سے وکلاء اور سائیلین کی مشکلات میں کمی اور فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہوگی ، ای کورٹ کا باقاعدہ افتتاح سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس مشیر عالم نے کراچی سے کیا ، اس موقع پر کراچی میں سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر عاقل ایڈووکیٹ ،ڈسٹرکٹ بار کے سیکرٹری نعیم قریشی ایڈووکیٹ اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کی ممبر عابدہ پروین چنڑایڈووکیٹ اور ای کورٹ کے رجسٹرار علوی اور کوئٹہ میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سید سلیم اختر ایڈووکیٹ ، ہادی شکیل احمد ایڈووکیٹ‘ عبداللہ خان کاکڑ ایڈووکیٹ ، عبدالسلیم انصاری ایڈووکیٹ ، علی حسن بگٹی ایڈووکیٹ ، عبدالمالک بلوچ ایڈووکیٹ ، سید اقبال شاہ ایڈووکیٹ ، عبدالظاہر کاکڑ ایڈووکٹ اور دیگر دیگر وکلاء موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ای کورٹس میں استعمال ہونیوالی ٹیکنالوجی کا استعمال اس سے قبل دیگر ترقی یافتہ ممالک میں ہورہا تھا، چیف جسٹس کی ہدایات پر پہلی مرتبہ پاکستان میں یہ ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ، اس اقدام سے پاکستان دیگر ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے ، جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ آنے والے وقت میں اس ٹیکنالوجی کو نچلی سطح پر ہائی کورٹ ، سیشن کورٹ اور دیگر میں بھی متعارف کرایا جائیگا ، اس موقع پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سید سلیم اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ای کورٹ کے افتتاح سے انصاف کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا اور خاص کر بلوچستان کے وکلاء اور سائیلین کیلئے آسانی پیدا ہوگی ، اور بر وقت اور فوری انصاف ملے گا ۔

سائیلین اور وکلاء کا وقت بچے گا اور سائیلین کو سستا اور فوری انصاف ملے گا سہولت ملنے سے کیسز پر اخراجات انتہائی کم ہوجائینگے ، اور وکلاء کو بھی سفری دشواریوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ سید سلیم اختر ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے فوری انصاف کیلئے اقدامات کی جس قدر تعریف کی جائے کم ہے۔