سپریم کورٹ کا این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روکنے کا حکم

شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائےگا‘ چھٹیوں کے بعد کیس کی سماعت کرکے فیصلہ کردیں گے. عدالت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 5 جولائی 2019 16:47

سپریم کورٹ کا این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روکنے کا حکم
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جولائی۔2019ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ شاہ زین بگٹی کی درخواست پرروکنے کا حکم دیا ہے. جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے شاہ زین بگٹی کی این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ روکنے کی درخواست پر سماعت کی.

دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابی معاملات 3 ممبربینچ ہی سن سکتا ہے، درخواست گزارنے تو انتخابات پر بہت الزامات لگائے ہیں ، کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ری پولنگ ہوسکتی ہے؟.

(جاری ہے)

مخالف فریق کے وکیل نے 29 پولنگ اسٹیشنز پرآئندہ ہفتے پولنگ ہونے کا بتایا توجسٹس شیخ عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں درخواست غیرموثر ہو جائے؟.

شاہ زین بگٹی کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کرے، بحالی نہ ہوئی تو حلقہ نمائندگی کے بغیر رہ جائے گا،ان کے موکل کی 12 سو 21 ووٹوں کی لیڈ ہے، مخالف فریقی کی بات مان بھی لی جائے تو بھی 100 ووٹوں کی لیڈ رہ جاتی ہے. جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائے گاگرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد کیس کی سماعت کر کے فیصلہ کردیں گے.

سپریم کورٹ نے فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ روک دی. 2018 کے عام انتخابات میں شاہ زین بگٹی این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے کامیاب ہوئے تھے اور ان کے مخالف امیدوار طارق کھیتران نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی کامیابی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا. اپنے ریمارکس میں جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائےگا. جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد کیس کی سماعت کرکے فیصلہ کردیں گے.