Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے قومی سطح پر غربت میں کمی لانے کے پروگرام "نیشنل پاورٹی گریجویشن اقدام" کا افتتاح کر دیا

غریب اور محروم طبقہ کے سر پر ہاتھ رکھا جا رہا ہے، محروم طبقہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کوئی سیاست نہیں کر رہے بلکہ عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، وفاقی وزیر شفقت محمود نیشنل پاورٹی گریجویشن اسٹریٹجی غربت سے خوشحالی تک کا سفر ہے، یہ پروگرام ایسے لوگوں کے لئے ہے جن کے وسائل محدود ہیں اور انہیں اپنا روزگار کمانے کے لئے تھوڑی سی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے، اگلے چھ ماہ میں بہت سی اسکیموں کا اجراء کریں گے، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر

جمعہ 5 جولائی 2019 17:20

وزیراعظم عمران خان نے قومی سطح پر غربت میں کمی لانے کے پروگرام "نیشنل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو قومی سطح پر غربت میں کمی لانے کے پروگرام "نیشنل پاورٹی گریجویشن اقدام" کا افتتاح کر دیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم آفس میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کم آمدنی والے شہریوں کو چھوٹے کاروبارکے لئے چیک دے کر اس پروگرام کا افتتاح کیا۔

’’نیشنل پاورٹی گریجویشن انیشی ایٹو‘‘ کا جامع ملک گیر پروگرام بیک وقت 100 سے زائد اضلاع میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام سود سے پاک قرضے، پیشہ وارانہ اور فنی تربیت کی بدولت عوام کو سہولیات فراہم کرے گا۔ نیشنل پاورٹی گریجویشن انیشی ایٹو" دراصل احساس پروگرام کا حصہ ہے جس کا تخمینہ 42 ارب 65 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کا مقصد انتہائی پسماندہ طبقے کے گھرانوں کو غربت کی دلدل سے باہر نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیشہ ورانہ تعلیم و فنی تربیت شفقت محمود نے کہا کہ یہ پروگرام وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق غریب طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کی قیادت ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پورے ملک میں سڑکوں پر سوئے ہوئے بے سہارا افراد کے لئے پناہ گاہیں قائم کی گئیں۔ غریب اور محروم طبقہ کے سر پر ہاتھ رکھا جا رہا ہے۔

غریب طبقہ کو بااختیار بنانے کے لئے آج کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے اور ہم محروم طبقہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کوئی سیاست نہیں کر رہے بلکہ عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے احساس پروگرام کے حوالے سے وزارت تعلیم میں بھی کئی مربوط اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں ہم اپنا کردار ادا کریں گے اور ہماری وزارت احساس پروگرام کے تحت تخفیف غربت کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اس ضمن میں اسکول سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانے، ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے، لوگوں کو ہنر مند بنانے سمیت مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور پاکستان کو مثبت انداز میں تبدیل کرنے کے سفر میں کامیابی حاصل کریں گے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ نیشنل پاورٹی گریجویشن کا اقدام وزیراعظم کی سربراہی میں احساس پروگرام کے سلسلے میں بہت اہم ہے، ہم اگلے چھ ماہ میں بہت سی اسکیموں کا اجراء کریں گے۔

نیشنل پاورٹی گریجویشن اسٹریٹجی غربت سے خوشحالی تک کا سفر ہے، یہ پروگرام ایسے لوگوں کے لئے ہے جن کے وسائل محدود ہیں اور انہیں اپنا روزگار کمانے کے لئے تھوڑی سی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔ ثانیہ نشتر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ہر ماہ 80 ہزار کے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔ عام آدمی کی زندگی میں چھوٹے قرضے انقلابی حیثیت رکھتے ہیں اور اس سے انہیں اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں مدد ملتی ہے۔

اس پروگرام کے تحت چار سال میں ایک کروڑ سے زائد افرادکو قرضے دیئے جائیں گے۔ غربت کے خاتمہ کے لئے شفاف طریقے سے عام آدمی کو قرضے دے کر اس کی بہت بڑی مدد کی جا سکتی ہے۔ یہ پروگرام بیک وقت 100 سے زائد اضلاع میں متعارف کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت سود سے پاک قرضوں کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ تقریب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی، پیشہ ورانہ تعلیم و فنی تربیت کے وزیر شفقت محمود کے علاوہ وفاقی وزراء، ارکان اسمبلی، سفارت کاروں، مختلف سماجی و غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں نے شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات