شرجیل میمن کے قریبی لوگ بھی نیب کے ریڈار پر آگئے

کال اپ نوٹس ملنے پر بزنس مین اکرام الہٰی اور احسان نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

ہفتہ 6 جولائی 2019 21:39

شرجیل میمن کے قریبی لوگ بھی نیب کے ریڈار پر آگئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2019ء) سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے قریبی لوگ بھی نیب کے ریڈار پر آگئے۔نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس ملنے پر بزنس مین اکرام الہٰی اور احسان نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔عدالت نے نیب سے 24 جولائی تک تحریری جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف نیب کی جاری مہم میں سابق صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کے قریبی لوگ بھی بڑی مشکل مں پھنس گئے۔

نیب کی جانب سے شرجیل میمن کے قریبی لوگوں میں سے دو بزنس مینوں اکرام الہٰی اور احسان کو نوٹس جاری کیا گیا جس پر دونوں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا تاہم عدالت میں نیب نے موقف اپنایا کہ ان دونوں افراد کوکال اپ نوٹس میں بطور ملزم نہیں بلکہ بطور گواہ طلب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم مذکورہ بزنس مینوں کے وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ تاجر یہ باریکیاں کیا جانیں ، یہ تو ڈر کے ماریضمانت کیلیے عدالت آگئے ہیں،ان کے موکلین نے 2014 میں شرجیل میمن کی والدہ سے ڈیفنس کے پلاٹ کا سودا کیا تھا،اگر نیب نے کال اپ نوٹس میں بطور گواہ طلب کیا ہے تو پھرلکھ کر دے۔

انہیں اطمینان ہوجائیگا۔جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری جاری ہے ،تحریری بیان دینے کے لئے نیب حکام سے اجازت ضروری ہے،جس پر عدالت نے چوبیس جولائی کو نیب کو تحریری کمنٹس پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔