بدلہ لینے کے لیے اپنے دوست کے کریڈٹ کارڈ سے 5 ہزار ڈالر ٹپ دینے والی خاتون گرفتار

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 6 جولائی 2019 23:57

بدلہ لینے کے لیے اپنے دوست کے کریڈٹ کارڈ سے 5 ہزار ڈالر ٹپ دینے والی ..

ویٹریس کو 5 ہزار ڈالر کی ٹپ دینا سخاوت کی اعلی مثال لگتا ہے لیکن یہ درحقیقت بدلہ بھی ہو سکتا ہے۔ فلوریڈا میں ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے اپنے دوست سے جھگڑے کے بعد بدلہ لینے کے لیے ان کے کریڈٹ کارڈ  کو استعمال کرتےہوئے ایک ویٹریس کو 5 ہزار ڈالر ٹپ دے دی۔
24 سالہ سرینا ولفی  کو سوموار کو چوری کے الزام پر  گرفتار کیا گیا۔

اُن پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے دوست کا کریڈٹ کارڈ چرا کر ویٹریس کو 5 ہزار ڈالر ٹپ دی ہے۔
سرینا نے 27 جون کو  کلیئر واٹر بیچ کےکیفے میں  اپنے بل سے 10 ہزار فیصد زیادہ ٹپ دی ۔ 24 سالہ ویٹریس شروع میں تو اسے سرینا کی سخاوت سمجھی لیکن بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ سرینا نے اپنے دوست سے بدلہ لینے کے لیے ایسا کیا ہے۔
سرینا کے دوست مائیکل کرین نے پولیس کو بتایا کہ اُن کا اپنی دوست سرینا سے زبانی جھگڑا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سرینا کو نیویارک کے لیے ہوائی ٹکٹ نہیں دلوایا تھا۔ مائیکل  کے مطابق انہوں نے جھگڑے کے بعد سرینا کو اپنے کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے سے روک دیا تھا لیکن بعد میں کسی حد تک استعمال کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ سرینا ویٹریس کو 5 ہزار ڈالر ٹپ دے گی۔ جس وقت کیفے کو اس بارے میں مطلع کیا گیا، کیفے ویٹریس کو، جن  کے حالات کافی خراب تھے، 5 ہزار ڈالر کی ادائیگی کر چکا تھا۔
پولیس کے مطابق  سرینا نے پہلے تو ٹپ دینے سے متعلق جھوٹ بولا لیکن بعد میں اس کا اعتراف کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ ریسٹورنٹ ویٹریس کو ٹپ دے چکا تھا، اس لیے ٹپ کی رقم کی واپسی ویٹریس یا ریسٹورنٹ پر منحصر ہے۔