qعراقی شہر بابل ایک بار پھر عالمی ورثے کی فہرست میں شامل

اتوار 7 جولائی 2019 19:21

Zباکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2019ء)یونیسکو نے عراقی شہر بابل کو ایک بار پھر عالمی ورثے میں شامل کر لیا ہے۔ بابل کو عالمی ورثے میں شامل کرنے کا اعلان آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔یونیسکو نے عراقی حکام پر شرط عائد کی ہے کہ وہ بابل کی تاریخی شناخت بدلنے والے تمام اقدامات بند کر دیں اور اس حوالے سے 2020ئ تک کام مکمل کر لیا جائے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونیسکو نے بابل کے آثار قدیمہ کو عالمی ورثے میں شامل کر رکھا تھا تاہم گذشتہ صدی کی آٹھویں عشرے کے آخر میں اسے عالمی ورثے کی فہرست سے نکال دیا گیا۔یونیسکو نے تاریخی شہر بابل کے بعض مقامات میں تبدیلی پر یہ فیصلہ کیا تھا۔ باکو میں منعقدہ اجلاس کے دوران عراقی نمائندے نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا تھا کہ ’بابل کے بغیر عالمی ورثے کی فہرست کیا معنی رکھے گی، انسانی تاریخ کے پہلے باب ’’بابل‘‘ کو حذف کرکے انسانی تاریخ کا تذکرہ کیسے ممکن ہے۔