مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کا جذبہ آزادی آج بھی زندہ ہے،

نوجوان رہنماکی تیسری برسی کے موقع پرمقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال رہی، ترجمان دفتر خارجہ کا ٹویٹ

پیر 8 جولائی 2019 14:35

مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کا جذبہ آزادی آج بھی زندہ ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2019ء) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کا جذبہ آزادی آج بھی زندہ ہے، مقبوضہ وادی میں نوجوان کشمیری رہنماکی شہادت کی تیسری برسی کے موقع پر مکمل شٹ ڈائون رہا۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی مظالم کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری ہے ۔

بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد میں اپنی جان قربان کرنے والے کشمیری نوجوان برہان وانی کی برسی کے موقع پر ’’کشمیر بلیڈز‘‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنے ٹویٹ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے مظالم کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کے ٹی وی چینل زی نیوز نے بھی تصدیق کی ہے کہ برہان وانی کی برسی کے موقع پر سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کے علاوہ حکام نے مقبوضہ کشمیر کے 4 جنوبی اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔

جموں سرینگر ہائی وے پر سکیورٹی فورسز کی بھارتی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ یہ ہائی وے مقبوضہ کشمیر کے تین جنوبی اضلاع کلگام، آننت ناگ اور پلوامہ سے گزرتی ہے۔ واضح رہے کہ دفتر خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ جمعرات کو اپنی ہفتہ وارپریس بریفنگ کے دوران مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی تھی اور کہا کہ مقبوضہ وادی کے عوام پر مظالم بڑھا دیئے گئے ہیں۔ بھارت دنیا کی توجہ بنیادی مسئلہ سے ہٹانے کی بجائے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔