فاٹا میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، مولانا حامد الحق

پیر 8 جولائی 2019 14:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2019ء) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ فاٹا میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، جمعیت علماء اسلام جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، فاٹا کا انضمام مولانا سمیع الحق شہید کی کوششوں سے ہوا۔

پیرکو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ فاٹا انضمام تحریک میں جمعیت کے فعال سیاسی کردار کے باعث قبائل کو انگریزی نظام اور مقامی سرداروں کی غلامی سے نجات ملی اور آج فاٹا کے عوام اپنے ووٹ کا حق ادا کرنے کیلئے تیاری کر رہے ہیں۔ جمعیت کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کو منصفانہ اور غیر جانبدارنہ بنانے میں تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ حالات کی نزاکت کا احساس کرکے قائد جمعیت مولانا سمیع الحق کے مشن کو اجاگر کرنے کیلئے دن رات محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں نے یہ طے کیا ہے کہ پاکستان کے اندر دینی جماعتوں کو کمزور کیا جائے اور عوام کو اٴْن سے متنفر کیا جائے۔ مولانا حامد الحق نے فاٹا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار کامیاب بنا کر شہید ناموس رسالت مولانا سمیع الحق شہید کے ساتھ وفاداری کا ثبوت دیں۔