فوج، عدلیہ اور دیگر اداروں کو بدنام کرنا مریم بریگیڈ کا وطیرہ ہے : صمصام بخاری

مریم نواز وزیراعظم سمیت ہر اس شخص کے لئے نامناسب الفاظ استعمال کرتی ہیں جو ان کے نظریئے سے مطابقت نہیں رکھتا ؁مریم کے بھائیوں ودیگر مفروروں نے لندن میں ایون فیلڈ کو فراری کیمپ بنایا ہوا ہے، عوام کو ن لیگ کے بیانیے سے کوئی دلچسپی نہیں ۹ مریم بی بی کی پریس کانفرنس عدلیہ پر دبائو ڈالنے کی سازش ہے، حقیقت یہ ہے کہ حدیبیہ تمام کرپشن کیسز کی ماں ہے ن لیگ کے بہت سے لوگ اپنی قیادت سے نالاں ہیں، وہ شریف خاندان کی غلامی پر تیار نہیں رانا ثناء اللہ جو کرتے رہے ہیں وہ ایک پورے کارٹل کا کارنامہ ہے، رانا ثناء اللہ کیس سے بہت کچھ نکلے گا:صوبائی وزیر کی پریس کانفرنس

پیر 8 جولائی 2019 20:01

فوج، عدلیہ اور دیگر اداروں کو بدنام کرنا مریم بریگیڈ کا وطیرہ ہے : صمصام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2019ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ فوج، عدلیہ اور دیگر اداروں کو بدنام کرنا مریم بریگیڈ کا پہلے دن سے وطیرہ ہے۔ مریم نواز وزیراعظم سمیت ہر اس شخص کے لئے نامناسب الفاظ استعمال کرتی ہیں جو ان کے نظریئے سے مطابقت نہیں رکھتا۔ حکومت نے مریم بی بی کی طرف سے جج کے خلاف پیش کی جانے والی ویڈیو کا فرانزک ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہو سکتا ہے متعلقہ جج خود بھی اعلیٰ عدلیہ سے اس امر کی استدعا کر دیں۔ یہ بات صوبائی وزیر نے ڈی جی پی آر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ ن لیگ کے بیانیے میں کوئی ایسی چیز نہیں جس میں عوام دلچسپی لیں۔ سوال یہ ہے کہ ایک ہی آدمی کے اکائونٹ سے کبھی فالودے والے اور کبھی پاپڑ والے کے اکائونٹ میں پیسے کیسے منتقل ہو جاتے ہیں دراصل اس سارے کھیل کے بینیفشری یہ خود ہیں۔

(جاری ہے)

مریم کے بھائیوں اور دیگر مفروروں نے لندن میں ایون فیلڈ کو فراری کیمپ بنایا ہوا ہے۔ مریم کو اپنا وہ جھوٹ تو یاد ہو گا جب انہوں نے کہا تھا کہ میری انگلینڈ تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم بی بی کی پریس کانفرنس عدلیہ پر دبائو ڈالنے کی سازش ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ حدیبیہ تمام کرپشن کیسز کی ماں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ جو کرتے رہے ہیں وہ ایک پورے کارٹل کا کارنامہ ہے۔

رانا ثناء اللہ کیس سے بہت کچھ نکلے گا۔ یہ رانا ثناء اللہ ہی تھے جنہوں نے ن لیگ پر پہلی ایف آئی آر درج کرائی۔ رانا ثناء اللہ نے ہی پی پی پی کے خلاف بھی گفتگو کی۔ ان کو پتہ چل گیا ہے کہ اب وہ احتساب سے نہیں بچ سکتے۔صمصام بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں حمزہ شہبازاور مریم بی بی کے درمیان تخت نشینی کی جنگ جاری ہے۔ مریم بی بی کی پریس کانفرنس میں شہبازشریف بالکل بے یارومددگار بیٹھے فضا میں گھور رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو حقائق بتانا ہمارا فرض ہے۔ ن لیگ کے رہنمائوں نے الطاف حسین والی لائن پکڑ لی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں میڈیا پر سنسر شپ کے حق میں نہیں تاہم ایسی پریس کانفرنس کے حوالے سے پیمرا کا کوڈآف کنڈکٹ موجود ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے بہت سے لوگ اپنی قیادت سے نالاں ہیں۔ وہ شریف خاندان کی غلامی پر تیار نہیں۔ وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے موجودہ حکومت سے رابطے کر رہے ہیں۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ اگر فرانزک رپورٹ میں مریم بی بی کی طرف سے پیش کی گئی ویڈیوٹیمپرڈ ثابت ہو گئی تو سٹیج پر بیٹھے ہوئے سب لوگ قابو میں آ جائیں گے۔