نئے پروفیشنل یونٹس کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے، مکیش کمار چاولہ وزیر ایکسائز سندھ

منگل 9 جولائی 2019 00:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2019ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے افسران پر زور دیا ہے کہ سیکوریٹی ایکسچینج کمپنیز آف پاکستان کی فہرست میں موجود اداروں کو پروفیشنل ٹیکس کے دائرے میں لائیں تاکہ قومی خزانے میں زیادہ سے زیادہ محاصل جمع کروائے جائیں۔

یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات عبد الرحیم شیخ ڈائریکٹر جنرلز شبیر احمد شیخ، شعیب احمد صدیقی، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ایچ کیو شہاب الدین کھتری، ڈائریکٹر ٹیکسز ٹو اقبال احمد لغاری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ٹو کو ہدایت دی کہ وہ ٹیکسز کی وصولی پر مامور عملے کی باقاعدہ میٹنگز منعقد کریں اور پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کے لئے ان کی راہنمائی کریں اور مالی سال برائے 2019-20 کے لئے مقرر کردہ اہداف جلد حاصل کریں۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ اداہ شدہ چالان کو فوری طور پر کمپیوٹر سسٹم میں اندراج کریں۔ انہوں نے افسران کو خبردار کیا کہ اگر وہ اپنے فرائض صحیح طریقے سے انجام نہیں دیں گے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو وقت پر اپنے دفاتر میں حاضر ہونے کی ہدایت کی۔