حوثی ملیشیا نے گزشتہ رات ایک بار پھر سعودی عرب کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا

سعودی فضائی افواج کی جانب سے ڈرون کوہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 9 جولائی 2019 10:35

حوثی ملیشیا نے گزشتہ رات ایک بار پھر سعودی عرب کو ڈرون حملے کا نشانہ ..
ریاض(اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جولائی 2019ء) گزشتہ رات ایک بار پھر حوثیوں کی جانب سے سعودی سرزمین کو حملہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں نے رات کے پچھلے پہرسعودی عرب کی جانب ڈرون کا حملہ کیا مگر مستعد و چوکس سعودی فضائی افواج کی جانب سے اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس طرح یہ ڈرون ہدف تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور حوثیوں کی جانب سے تباہی پھیلانے کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

دْوسری جانب سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے عرب اتحاد کے ترجمان کرنل تْرکی المالکی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے گزشتہ سوموار کی صبح ایک تجارتی بحری جہاز بلیو فش کو بھی حملہ بنانے کی کوشش کی، مگر اس میں انہیں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

تاہم ترجمان کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ بلیو فش جہاز کس مْلک یا کمپنی کا تھا۔

ترجمان کے مطابق حوثیوں نے خود کار نظام سے چلنے والی بوبی ٹریپ کشتی جہاز کی جانب روانہ کی، جس پر دھماکہ خیز مواد لدا ہوا تھا۔ تاہم اتحادی افواج نے اس جہاز پر حملہ کر کے اْسے راستے میں ہی تباہ کر دیا۔ اس وقت تجارتی جہاز بحرِ احمر کے جنوب میں تھا۔ عرب اتحاد کی بحریہ کو جیسے ہی حوثیوں کی کشتی راڈار میں نظر آئی تو اس کا تعاقب شروع کر دیا گیا اور اسے سمندر میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ تاہم اس حوالے سے حوثی ملیشیا کی جانب سے کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔