نیب کا اللہ ہی حافظ ہے ۔ جسٹس عظمت سعید

ہمارا اور سب کا بھی اللہ حافظ ہے۔ چیف جسٹس کے ریمارکس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 9 جولائی 2019 12:26

نیب کا اللہ ہی حافظ ہے ۔ جسٹس عظمت سعید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جولائی 2019ء) : سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیب کا اللہ ہی حافظ ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ایل این جی کوٹہ کیس میں سابق وزیر انور سیف اللہ اور سابق سینیٹر صفدر عباسی کی بریت کے خلاف نیب اپیلوں کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے انور سیف اللہ اور صفدر عباسی کی بریت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نیب کی اپیلیں خارج کردیں۔ سماعت کے دوران نیب وکیل نے دلائل میں کہا کہ انور سیف اللہ نے بطور وزیر پٹرولیم گیس کوٹہ جاری کیا حالانکہ انہیں کوٹہ دینے کا اختیار نہیں تھا۔ جس پر جسٹس عظمت سعید نے پوچھا کہ قواعد و ضوابط کے تحت کوٹہ دینے کی مجاز اتھارٹی (ادارہ) کون سی تھی؟ اس پر نیب وکیل نے جواب دیا کہ مجاز اتھارٹی کے بارے میں کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نیب وکیل کے جواب پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ نیب کا اللہ ہی حافظ ہے۔ عظمت سعید کی اس بات پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بھی کہا کہ ہمارا اور سب کا بھی اللہ حافظ ہے۔ جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ نیب کا مؤ قف ہے کہ وزیر نے اپنی صوابدید پر کوٹہ دیا۔ نیب نے یہ ثابت کرنا ہے کہ کوٹہ دینے کا اختیار کس کا تھا، ریکارڈ میں کسی جگہ وزیر کا کوٹہ دینے کا حکم یا دستخط نہیں ہیں۔ کیا کیس کو پراسیکیوٹ (چلانے) کرنے کا یہ طریقہ ہے؟ انہوں نے استفسار کیا کہ اس بات کے ثبوت کدھر ہیں کہ انور سیف اللہ نے اپنی صوابدید پر کوٹہ دیا۔ کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان نے انور سیف اللہ اور صفدر عباسی کی بریت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نیب کی اپیلیں خارج کردیں۔