مذہب اسلام کے بارے میں توہین آمیز کلمات ادا کرنے والا نوجوان گرفتار ہو گیا

اماراتی نوجوان نے اپنے رشتہ داروں کے سامنے اسلام کے حوالے سے شرمناک باتیں کی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 9 جولائی 2019 13:05

مذہب اسلام کے بارے میں توہین آمیز کلمات ادا کرنے والا نوجوان گرفتار ..
عجمان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جولائی 2019ء) عجمان پولیس نے توہینِ مذہب کے معاملے میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزم نے اپنے رشتہ داروں کے سامنے اچانک کسی بات پر مشتعل ہو گیا اور اُن کو بُرا بھلا کہنے لگا۔ جب رشتہ داروں نے اُسے ایسا کرنے سے منع کیا اوررشتہ داروں کے حوالے سے حُسنِ سلوک سے متعلق اسلام کا کوئی حوالہ دیا۔

تو طیش میں آئے نوجوان نے اس سے کوئی اثر قبولنے کی بجائے اُلٹا مذہب اسلام کے بارے میں ہی نازیبا کلمات کہہ ڈالے اور اس پر اُسے کوئی پچھتاوا بھی نہ ہوا۔ ملزم کے رشتہ دار اُس کی اپنے مذہب کے بارے میں ہرزہ سرائی سُن کر پریشان ہو گئے اور اُن کے مذہبی جذبات بُری طرح مجروح ہوئے۔ اسی وجہ سے انہوں نے ملزم کے اس شرمناک رویئے کی رپورٹ پولیس میں درج کرا دی۔

(جاری ہے)

پولیس نے نوجوان کو گرفتار کیا ہے جس کے خلاف عدالت میں توہینِ مذہب کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ نوجوان کے موقع پر موجود تمام گواہوں نے پولیس کے سامنے متفقہ طور پر بیان دیا کہ اُس نے پہلے تو اُن کے بارے میں سخت کلمات کہے اور پھر مذہب اسلام کی بھی توہین کر ڈالی۔ اس لیے اسے سزا دلوانا وہ اپنا مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل نیوزی لینڈ میں آسٹریلوی انتہا پسند کے ہاتھوں پچاس مسلمانوں کی شہادت کے بعد دُبئی میں مقیم ایک بھارتی ہندو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دہشت گردی کے اس اقدام کو پلوامہ حملے کا بدلہ قرار دیتے ہوئے سراہا تھا۔ جس پر حکام نے نوٹس لیتے ہوئے اس نوجوان کو گرفتار کرنے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا تھا۔