یمن میں امداد کی فراہمی کیلئے اس سال 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم درکار ہے، اقوام متحدہ

منگل 9 جولائی 2019 14:02

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2019ء) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ جنگ سے تباہ حال یمن میں 2کروڑ شہریوں کو انسانی ہمدردی کے تحت امداد کی فراہمی کیلئے عالمی ادارہ کو اس سال 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم درکار ہے۔ منگل کو ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان الحق نے کہا ہے کہ یمن میں اس سال ہیضہ سی705 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں، اس عرصے کے دوران 4 لاکھ 60 ہزار افراد میں ہیضہ کی تشخیص ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق 2018ء کے مقابلے میں اس سال یمن میں ہیضہ کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ سال یمن میں ہیضہ کے مریضوں کی تعداد 3لاکھ 80 تھی۔ فرحان الحق نے بتایا کہ اس سال جنوری سے اب تک ہیضہ سے 705 افرادکی موت کی تصدیق ہوچکی ہے، گزشتہ سال اسی مدت کے دوران ہیضہ سے محض 75 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ خدشہ ہے کہ اس سال 2 لاکھ بچے ہیضہ کا شکار ہیں، صاف پانی کی عدم دستیابی اور حالیہ سیلاب نے ہیضہ کے پھیلائوکو تیز کردیا ہے۔

یمن کو کئی سال سے خانہ جنگی کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق یمن کے متاثرین کو اس سال 4.2 ارب ڈالرامداد کی ضرورت ہے اور اب تک اقوام متحدہ کو یمن میں درکار ضروریات کا صرف 32 فیصد ملا ہے۔