سندھ ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف عاصم حسین کی درخواست مستردکردی

منگل 9 جولائی 2019 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی درخواست مسترد کردی ہے،عدالت نے احتساب عدالت کو دستیاب دستاویزات کی روشنی میں ریفرنس کی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔منگل کوڈاکٹرعاصم حسین کی طرف سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی دسمبر 2012کی انکوائری کی مکمل رپورٹ نیب نے ریفرنس میں شامل نہیں کی۔

ریفرنس میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کی کاپی موجود ہے۔ڈاکٹر عاصم حسین کی طرف سے کہا گیاکہ کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلزپارٹی حکومت کے دور میں بیرون ممالک سے کھاد منگوانے کے معاملے پر انکوائری کی تھی اس انکوائری رپورٹ کو ریفرنس کا حصہ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کی انکوائری رپورٹ کو ریفرنس کا حصہ بنانے کی درخواست مسترد کردی تھی۔ڈاکٹر عاصم حسین نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔سندھ ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف ڈاکٹر عاصم حسین کی درخواست مسترد کردی۔قومی احتساب بیورو(نیب)نے ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن کے معاملیپرریفرنس دائر کررکھا ہے۔