جاپانی کرائے پر لی گئی کاروں کو ڈرائیونگ کے علاوہ دیگر دلچسپ مقاصد کے لیے استعمال کرنے لگے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 9 جولائی 2019 23:43

جاپانی  کرائے پر لی گئی کاروں کو ڈرائیونگ کے علاوہ دیگر  دلچسپ مقاصد ..

جاپان میں کار کرائے پر دینے والی کمپنیوں نے لوگوں کے عجیب و غریب رویے کا مشاہدہ کیا ہے۔ ۔کار کرائے پر دینے والی کمپنیوں کا کہناہے کہ اُن کے گاہک اُن سے گاڑی تو کرائےپر لیتے ہیں لیکن انہیں  بہت کم  چلاتے ہیں یا بالکل نہیں چلاتے۔کار رینٹل کمپنیوں نے جب اس رواج کو بڑھتے دیکھا تو کافی پریشان بھی ہوئے۔
کئی کمپنیوں نے اس حوالے سے سروے کیا،جس کے بعد  لوگوں کے گاڑیاں کرائے پر لینے لیکن نہ چلانے کی دلچسپ وجوہات سامنے آئیں۔


جاپان کی معروف وہیکل شیئرنگ  سروس  این ٹی ٹی ڈوکومو انکارپوریشن  کے سروے سے پتا چلا کہ  ہر آٹھواں شخص صرف اس وجہ سے کار کرائے پر لیتا ہے تاکہ اس میں سو  سکے یا آرام کر  سکے۔ اس کے بعد بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ کار صرف اس وجہ سے کرائے پر لیتے ہیں تاکہ اس میں آرام سے بیٹھ کر ٹیلی فون پر باتیں کر سکیں، دوستوں، گھر والوں یا کاروباری شریکوں سے  ملاقات کر سکیں۔

(جاری ہے)


ایک شخص کا کہنا تھا کہ وہ اکثر انٹرنیٹ کیفوں میں سوتا تھا لیکن چند سو یوان میں کار کرائے پر لیکر اس میں سونے میں تقریباً ایک جتنی رقم خرچ ہوتی ہے اور یہ زیادہ آرام دہ بھی ہے۔
کچھ لوگوں  نے سروے میں جواب دیا کہ وہ کار کرائے پر لیکر اس میں لنچ کرتے ہیں، ٹی وی دیکھتے ہیں اور اپنے ہالوین کے کپڑے پہنتے ہیں۔
جاپان میں کار کو ڈرائیونگ کے علاوہ دوسرے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی سب سے اہم وجہ اس کا سستا ہونا ہے۔

جاپانی 400 یوان یا  580 پاکستانی روپوں میں  30 منٹ کے لیے کار کرائے پر حاصل کر سکتے  ہیں۔ کار کرائے پر لینے کے لیے  جاپان بھر میں ہزاروں پارکنگ لاٹس ہیں، جہاں سے کار حاصل کی  جا سکتی ہے۔اسی وجہ سے لوگ کھانا کھانےیا ملاقات کرنے کے لیے کوئی جگہ ڈھونڈنے کی بجائے اپنے سمارٹ فون سے کار کرائے پر لے لیتے ہیں۔سروے کے دوران ایک شخص نے بتایا کہ انہوں نے کار کو  اپنے بیگ سٹور کرنے کے لیے کرائے پر لیا تھا، کیونکہ قریبی موجود سکوں سے آپریٹ ہونے والے  لاکرز بک ہو چکے تھے۔


جاپان میں ڈرائیونگ کے علاوہ دیگر مقاصد کے لیے کار کرائے پر لینے کا رواج 2011 کے سونامی کے بعد پڑا، جب  لوگوں نے صرف اپنے سمارٹ فون چارج کرنے کے لیے کرائے پر کاریں لینا شروع کیں۔اگرچہ اب بھی بہت سے لوگ ڈرائیونگ کے لیے کاریں کرائے پر لیتے ہیں لیکن دوسرے مقاصد کے لیے کاریں کرائے پر لینے والوں کی تعداد بڑھ رہی  ہے۔