Live Updates

موجودہ حکومت ہمارے دھرنے کے ایک دن کی مار نہیں

کنٹینر دینے کا اعلان کرکے نہ دینا عمران خان کا 15واں یوٹرن ہے،خورشید شاہ

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 10 جولائی 2019 05:24

موجودہ حکومت ہمارے دھرنے کے ایک دن کی مار نہیں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی2019ء)   حکومت اپوزیشن پر اور اپوزیشن حکومت پر تنقید کرتی نظر آتی ہے۔مریم نواز اپنے جلسوں میں حکومت پر تنقید کے نشتر برساتی ہے اور پیپلز پارٹی کے وزرا بھی جہاں کہیں خطاب کریں گے وہ پی ٹی آئی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں پر تابڑ توڑ حملے کرتے نظر آئیں گے۔جبکہ گزشتہ حکومت کی لوٹ مار اور کرپشن کہانیاں سنانے کے لیے حکومت میں کئی مشیر اور وزرا محض انہی کاموں کے لیے تعینات ہیں۔

گزشتہ روز بھی اپوزیشن لیڈرپی پی رہنما نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہر مسئلے کا حل تعویز، جادو اور پیرسے کروانا چاہتے ہیں لیکن یہ ان کی بھول ہے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ضیاالحق، ایوب خان یا پرویز مشرف کا دور ہو پیپلزپارٹی ہمیشہ سڑکوں پر رہی ہے، موجودہ حکومت ہمارے دھرنے کے ایک دن کی مار نہیں ہے مگر ہم پاکستان کے اندرونی اور بیرونی معاملات کو دیکھ رہے ہیں کیونکہ ہم سیاستدان ہیں، ہم اقتدار نہیں چاہتے ہم صرف عوام کا ریلیف چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف نہیں دیا تو پھر یہ حکومت زیادہ دیر چل نہیں سکتی۔رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو بائیکاٹ کا فیصلہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی قیادت مل کر کرے گی، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت میں آنے سے قبل پی ٹی آئی والے اندھے، بہرے اور گونگے تھے کیا جو انہیں مسائل نہیں دکھائی دے رہے تھے، اس حکومت کی نااہلی نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ ہم سب سیاست دان مل کر بھی نہیں سنبھال سکتے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ اس ملک کا نوجوان سوچے اور سمجھے چاہے وہ اس کے لیے ملکی پیپلزپارٹی کو چھوڑ دے لیکن ملکی حالات کو ضرور دیکھے۔وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے 14 یوٹرن لے چکے ہیں، کنٹینر دینے کا اعلان کرکے نہ دینا ان کا 15واں یوٹرن ہے۔ان کاکہنا تھا کہ سیاست دان کا کام نہیں ہے کہ وہ نوکریاں دے اور گلیاں بنائے بلکہ اس کا کام ہوتا ہے کہ لوگوں کے لیے ایسے اقدامات کرے جن سے ان کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات