سعودی نوجوان نے خاتون رکن مجلس شوریٰ سے معافی مانگ لی

بدھ 10 جولائی 2019 09:30

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2019ء) سعودی عرب میں ایک نوجوان نے سعودی شوریٰ کی رکن کوثر الاربش سے بدکلامی پر معافی مانگی ہے۔ نوجوان نے اپنا معافی نامہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ہے۔نوجوان نے خاتون رکن شوریٰ کو مبینہ طور پر بدنام کرنے کی کوشش کی تھی۔ کوثر الاربش نے نوٹس لیتے ہوئے دمام کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے الزام ثابت ہونے پر نوجوان کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرکوثر الاربش سے معافی مانگے۔

(جاری ہے)

نوجوان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’جو کچھ کیا اس پر شرمندہ ہوں، میں نے ان کی حق تلفی کی جس پر معذرت خواہ ہوں۔ مجھ سے جو کچھ ہوا وہ میری نادانی تھی جو کسی طرح مناسب نہیں تھی۔‘ کوثر الاربش نے سعودی نوجوان کی معذرت قبول کرتے ہوئے لکھا ’میں اپنے دعوے سے دستبردار ہوتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ وطن عزیز کے نوجوان اس طرح کی روش نہیں اپنائیں گے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ دشنام طرازی، بدکلامی، افواہ کا پرچار کوئی اچھا کام نہیں اور نہ ہی اس سے کسی کوئی مقصد حاصل ہوتا ہے۔