چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیرصدارت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

پارلیمنٹرینز کو بہترین خدمات کی فراہمی اور قانون سازی میں معاونت کیلئے انسٹی ٹیوٹ کو زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

بدھ 10 جولائی 2019 16:36

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیرصدارت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹرینز کو بہترین پارلیمانی خدمات کی فراہمی اور متعلقہ افسران کی تربیت کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر پارلیمانی امور، سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹر رحمان ملک، ایم ایف اے امجد علی خان، نفیسہ عنایت اللہ خٹک اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پارلیمانی انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے قومی اخبارات میں دوبارہ تشہیر کی گئی جس کے نتیجہ میں امیدواروں کی ایک حوصلہ افزاء تعداد نے درخواستیں دی ہیں۔

بورڈ آف گورنرز کے ارکان نے تقرری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سینیٹ اور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمانی تربیت کا دائرہ کار وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مختلف گروپوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین تک بھی بڑھایا جائے تاکہ قانون سازی سے متعلق بنیادی امور سے آگاہی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کو بہترین خدمات کی فراہمی اور قانون سازی میں معاونت کیلئے انسٹی ٹیوٹ کو زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔