محکمہ مواصلات کو مون سون کی بارشوں کے لئے لائحہ عمل تیارکرنے کی ہدایت

بدھ 10 جولائی 2019 16:58

محکمہ مواصلات کو مون سون کی بارشوں کے لئے لائحہ عمل تیارکرنے کی ہدایت
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2019ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے محکمہ مواصلات کے اہلکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مون سون بارشوں کے لئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کریں تاکہ کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹا جا سکے اور اس میں کسی بھی قسم کا جانی و مالی نقصان نہ ہو سکے۔ انہوں نے تمام اہلکاروں کو ہدایت جاری کی کہ بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ ایکسین اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو کوتاہی برتنے والوں کے خلاف فوری ای ایند ڈی قوانین کے تحت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبے اور نئے شروع کردہ منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے فوائد و ثمرات مل سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو انجینئر محمد شہاب خٹک، چیف انجینئر نارتھ محمدطارق، ڈائریکٹر آئی ٹی اور مونیٹرنگ اسٹاف بھی موجود تھے۔

اکبر ایوب خان نے کہا کہ ای بلنگ محکمہ مواصلات و تعمیرات میں میرٹ اور شفافیت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے اور ڈائریکٹر آئی ٹی کو ہدایت جاری کی کہ اس شفاف نظام کی راہ میں حائل انٹرنیٹ کنکشنز اور آئی ٹی کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کمپلینٹ سیل کے تحت موصول شدہ شکایات کے ازالے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا چاہیئے اور اس ضمن میں ہر ایکسین ذمہ دار ہوگا کہ وہ فوری طور پر ایکشن لے۔

وزیر مواصلات نے کہا کہ محکمے میں موجودہ خالی اسامیوں کی فوری نشاندہی کی جائے تاکہ ان پر بھرتی کرکے لوگوں کو روزگار فراہم کیا جاسکے اور محکمے میں خالی پوسٹوں پر جلد از جلد تعنیاتی کا عمل مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کنڈم مشینری اور گاڑیوں کی لسٹ فوری بنائی جائے تاکہ انہیں جلد از جلد نیلام کیا جا سکے۔اکبر ایوب خان نے مانیٹرنگ ٹیموں کو جاری سکیموں کی جلد از جلد رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :