Live Updates

یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں جیل بھیج کر ڈرا لیں گے

پورے خاندان اور پارٹی کو جیل بھیج دیںتب بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،بلاول بھٹو

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 11 جولائی 2019 05:45

یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں جیل بھیج کر ڈرا لیں گے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار۔ تازہ ترین۔ 11 جولائی2019ء)   مر جائیں گے کٹ جائیں گے مگر عوام پر ظلم نہیں ہونے دیں گے، یہ ایسے اعلانات ہیں جو محض سننے تک ہی بھلے محسوس ہوتے ہیںکیونکہ ان باتوں پر عملی طور پر تو کچھ ہونا نہیں ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ آج کی اپوزیشن جو حکومت پر چلا رہی ہے یہ وہی جماعتیں ہیں جنہوں نے ایک عرصے تک ملک پر حکومت کی مگر یقین کریں آج بھی عوام کے لیے صحت،تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع نہیں ہیں۔

پورے ملک میں چند ایک یونیورسٹیاں ہیں اور ریسرچ سنٹر کے علاوہ آئی ٹی مراکز بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔آج یہ لوگ پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔اگرچہ پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیاں سمجھ سے بالاتر ہیں کہ آئے روز مہنگائی بڑھتی چلی جا رہی ہے مگر اپوزیشن بھی اس بات پر جوابدہ ہے کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک حکومت کرنے کے باوجود عوا م کے لیے سہولتیں کیوں نہیں پیدا کیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے احتساب کے نام پر بھی یکطرفہ گھوڑے دوڑا رکھے ہیں جس بنا پر اپوزیشن کے تیر کچھ زیادہ ہی رفتار میں حکومت پر برستے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی حکومت پر تنقید کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔گزشتہ روزچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکا ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور نے عوام کیلئے جیل جانے کی قربانی دی، ہم مزید قربانیاں دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے لئے شہید ذوالفقار بھٹو نے پھانسی کا پھندا قبول کیا اور جمہوریت کے لئے شہید بینظیر بھٹو نے اپنی جان دی لیکن جمہوریت اور آئین پر آج ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے عوام کے لئے آئینی، معاشی اور جمہوری حقوق جانیں دے کر چھینے ہیں۔ جیالوں کو آئین اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے آج پھر مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں جیل بھیج کر ڈرا لیں گے۔ میرے پورے خاندان اور پارٹی کو جیل بھیج دیں مگر ہم آئین کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ دھاندلی زدہ اور عوام دشمن بجٹ نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ جو کہتا تھا کہ وہ بھیک نہیں مانگے گا، اس نے آئی ایم ایف سے ڈیل کرکے معاشی خود کشی کرلی۔ عوام دشمن بجٹ میں امیروں کے لئے ریلیف اور غریبوں کے لئے بوجھ ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات