پانچ سال کے دوران چاول کی برآمدات کو 5 ارب تک بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی بنائیں گے

مشیر تجارت عبدالرزاق داود کی رائیس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات جولائی 13:01

پانچ سال کے دوران چاول کی برآمدات کو 5 ارب تک بڑھانے کے لئے جامع حکمت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران چاول کی برآمد کو 2 ارب سے 5 ارب تک بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی بنائیں گے، قطر اور ایران کی منڈیوں میں چاول کی برآمدات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو رائیس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت رائیس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیرمین صفدر میکری کر رہے تھے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے قطر کی جانب سے عائد پابندی ہٹانے پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران مشیر تجارت نے کہاکہ قطر اور ایران کی منڈیوں میں چاول کی برآمدات سے فائدہ اٹھایا جائے، اگلے 5 سالوں تک چاول کی برآمدات کو 2 ارب ڈالر سے 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

چاول کی برآمدات کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے لئے جامع حکمت عملی بنائیں گے۔ عبدالرزاق داود نے کہا کہ جامع حکمت عملی میں موجودہ منڈیوں میں برآمدات کو بڑھانا، نئی منڈیوں کی تلاش اور عالمی معیار کے مطابق چاول کو تیار کرنا ہوگا۔ قطر نے پاکستانی چاول کی درآمدات پر سے عائد پابندی ختم کرکے چاول کی درآمدات کی اجازت دی۔ انہوں نے کہاکہ چین اور انڈونیشیا کی مزید منڈیوں تک رسائی سے چاول کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران نے بھی پاکستان سے 5 لاکھ ٹن چاول کی درآمدات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔