معروف ٹی وی تجزیہ کار کی جانب سے نیا دعویٰ سامنے آ گیا

تجزیہ کار شاہد مسعود کے مطابق انہوں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو فیصل آباد کے ایک وزیر سے متعلق پرچی دی تھی جو منشیات سے متعلق تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 11 جولائی 2019 12:30

معروف ٹی وی تجزیہ کار کی جانب سے نیا دعویٰ سامنے آ گیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جولائی 2019ء) معروف ٹی وی تجزیہ کار شاہد مسعود کی جانب سے ایک نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ شاہد مسعود نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے کبھی ذاتی ملاقات نہیں ہوئی۔ البتہ عدالتی مقدمات کے سلسلے میں اُن کے سامنے ضرور پیش ہوا ہوں۔ وہ ریٹائر ہو گئے اور میرے لیے انتہائی قابل احترام ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

اس مرحلے پر میری سابق چیف جسٹس سے ایک گزارش ہے کہ میں نے ایک بار عدالت میں ایک مقدمے کی سماعت کے دوران اُنہیں ایک پرچی دی تھی جو منشیات سے متعلق تھی جس میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک وزیر کا نام تھا۔ یہ مقدمہ قصور سے تعلق رکھنے والی زینب بچی سے متعلق تھا جسے زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ بات واضح رہے کہ میں سُپریم کورٹ میں اپنے پلاٹوں کے لیے یا کوئی ٹیکس معاف کروانے کے لیے نہیں گیا تھا۔

میری اُن سے یہی گزارش ہے کہ میں نے اُن کو جو نام دیا تھا اور اس نام کے ساتھ اوربھی کچھ لکھا تھا کہ ان کو دیکھیں یہ چیزیں بھی ممکن ہو سکتی ہیں۔ یہ پرچی شاید منشیات سے متعلق تھی۔ جو اُنہوں نے اپنے دوست جج صاحبان سے بھی شیئر نہیں کی تھی۔ انہوں نے بھری عدالت کے سامنے یہ بات کہی تھی کہ یہ نام میں نے اپنے گھر والوں سے بھی ڈسکس نہیں کیا۔ بہرحال اگر وہ یہ نام عوام کے سامنے لے آئیں تو بہت اچھا رہے گا۔ اس پرچی میں جس وزیر کا ذکر تھا ، اُس کا تعلق فیصل آباد سے تھا۔