محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں طلبہ اور ان کے والدین کے لئے اوپن ہاؤس سیشن کل ہوگا

جمعرات 11 جولائی 2019 17:01

محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں طلبہ اور ان کے والدین کے لئے اوپن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو) کے نئے خزاں سمسٹر۔2019ء میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ اور ان کے والدین کی رہنمائی کے لئے اوپن ہاؤس سیشن کل بروز جمعہ،12 جولائی کو 3 تا 7 بجے شام یونیورسٹی کیپمس میں منعقد ہوگا جس میں ماجو کے اساتذہ یونیورسٹی کی جانب سے پیش کئے جانے والے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ ڈگری پروگراموں کی تفصیلات اور ان کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ماجو کے اساتذہ طلبہ اور ان کے والدین کو کیرئر کونسلنگ کی سہولت بھی فراہم کریں گے تاکہ طلبہ اپنے لئے موزوں ڈگری پروگرام کا انتخاب کرتے ہوئے ایک روشن مستقبل کی جانب اپنے سفر کا آغاز کرسکیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کی جانب سے نئے سیمسٹر کے لئے الیکٹریکل و کمپیوٹر انجینئرنگ، بائیو سائنسز، سائیکولوجی، مارکیٹنگ اکاونٹنگ اینڈ فنانس، کمپیوٹر سائنس، سافٹ وئر انجینئرنگ، مینجمنٹ سائنسز، پروجیکٹ مینجمنٹ، بائیو انفارمیٹکس، بائیو ٹیکنالوجی اور ایم سی ایس کے بیچلرز اور ماسٹرز ڈگری پروگراموں میں داخلے کے اعلان کئے گئے ہیں۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ماجو کی جانب سے اس سال اپنے نئے سیمسٹر سے بی اے، بی ایس سی اور بی کام کی ڈگری رکھنے والے افراد کو ان کی ڈگری بی بی اے اور بی ایس کے مساوی کرنے کے لئے 2سالہ کیرئر ٹرانزیشن پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے جس کے تحت وہ بی بی اے۔(پی )، بی ایس( اکاونٹنگ اینڈ فنانس) اور ایم سی ایس میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اسی طرح ایم اے، ایم ایس سی اور ایم کام کی ڈگری رکھنے والی2 سالہ کیرئیر ٹرانزیشن پروگرام کے تحت ایم بی اے اور ایم ایس کرسکتے ہیں۔