بارانی زرعی یونیورسٹی میں زیتون کی ویلیو ایڈڈ پراڈکٹس کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 11 جولائی 2019 17:22

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم اختر عباسی نے زیتون کے پودوں پر تحقیق کے فروغ اور ویلیو ایڈیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ خوراک کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقدہ زیتون کی ویلیو ایڈڈ پراڈکٹس کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد یو ایس ایڈ پنجاب انیبلنگ انوائرنمنٹ پراجیکٹ اور پاکستان زیتون فاونڈیشن نے کیا تھا۔

اس موقع پر یو ایس ایڈ پیپ کے چیف آف پارٹی محمد جنید، بزنس اینیبلنگ انوارنمنٹ سپشیلسٹ یو ایس ایڈ پیپ اسد ظہور، یو ایس ایڈ پیپ ہارٹیکلچر سپیشلٹ غلام اسحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں 70 کے قریب خواتین شریک تھیں جنہوں نے کچن گارڈنگ کے علاوہ زیتون کی ویلیو ایڈڈ پراڈکٹ کے حوالے سے تربیت حاصل کی اس سے نہ صرف زیتون کا شعبہ ترقی کرے گا بلکہ پوٹھوہار کے علاقے کی خواتین بھی معاشی طور پر مظبوط ہوں گی۔

ڈاکٹر عباسی نے اس موقع پر کہا کہ زیتون کے شعبے میں پاکستان میں بہت زیادہ کام ہو چکا ہے اور اس کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی بدولت کثیر تعداد میں زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، اس موقع پر انھوں نے منتظمین کو اس ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ اس ورکشاپ سے خواتین بھرپور فائدہ اٹھائیں گی۔