آج پاکستان میں سوشل میڈیا جتنا متحرک ہے آپ کچھ چھپا ہی نہیں سکتے، سنسر شپ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی میڈیا کی آزادی سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 جولائی 2019 20:09

آج پاکستان میں سوشل میڈیا جتنا متحرک ہے آپ کچھ چھپا ہی نہیں سکتے، ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں سوشل میڈیا جتنا متحرک ہے آپ کچھ چھپا ہی نہیں سکتے، سنسر شپ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جمعرات کو لندن میں میڈیا کی آزادی سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سنسر شپ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، آج پاکستان میں سوشل میڈیا جتنا متحرک ہے آپ کچھ چھپا ہی نہیں سکتے، پوری حقیقت سامنے آ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 89 چینلز ہیں جہاں اینکرز آزادانہ اپنا نقطہء نظر پیش کرتے ہیں، پارلیمنٹ موجود ہے آزاد عدلیہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں سی پی این ای، اے پی این ایس اور نیوز پیپر کونسل جیسے ادارے ہیں جو صحافیوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں آزادی صحافت کا کل بھی قائل تھا، آج بھی ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کے اندر بھی اپوزیشن اپنا نقطہء نظر کھل کر بیان کر رہی ہے، پارلیمنٹ کے باہر بھی جلسے ہو رہے ہیں اور کھلم کھلا تنقید ہوتی ہے اور ہم سنتے ہیں اور ہم میں تنقید سننے کا حوصلہ بھی ہے۔