نام نہاد خادم اعلی نے ذاتی پبلسٹی پر کروڑوں روپے لٹائے‘صمصام بخاری

نوازلیگ نے بے جا تشہیر پر قومی خزانہ ضائع کیا، ہم سابق حکومت کی میڈیا کو واجب الادا رقوم ادا کر رہے ہیں میڈیا ہاسز کو 60فیصد سے زیادہ واجب الادا رقوم ادا کی جا چکیں، پنجاب حکومت باقی رقوم بھی جلد کلیئر کر دے گی‘صوبائی وزیر

جمعرات 11 جولائی 2019 20:26

نام نہاد خادم اعلی نے ذاتی پبلسٹی پر کروڑوں روپے لٹائے‘صمصام بخاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2019ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب میں مستحق صحافیوں میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ پنجاب جرنلسٹس سپورٹ فنڈ کی مد میں لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 34صحافیوں میں تقریبا 20لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری بھی موجود تھے۔

تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے مالی امداد سمیت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں نام نہاد خادم اعلی شہباز شریف نے ذاتی پبلسٹی پر کروڑوں روپے لٹائے۔

(جاری ہے)

نوازلیگ نے بے جا تشہیر پر قومی خزانہ ضائع کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سابق حکومت کی میڈیا کو واجب الادا رقوم ادا کر رہے ہیں اورمیڈیا ہاسز کو 60فیصد سے زیادہ واجب الادا رقوم ادا کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت باقی رقوم بھی جلد کلیئر کرنے جا رہی ہے۔تمام ادائیگیوں کے بعد میڈیا ملازمین کا معاشی تحفظ یقینی ہونا چاہیئے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار اور افسران تبدیل ہوتے رہتے ہیں لیکن عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے میڈیا ہاسز کو واجب الادا رقوم کی ادائیگی کے بعد ہم اس امر کی بھرپور آواز اٹھائیں گے کہ عامل صحافیوں کو درپیش مسائل ان کے ادارے ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔دریں اثنا صوبائی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آٹے یا گندم کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ روٹی اور نان کی ڈی ریٹ کے مطابق فروخت یقینی بنا رہے ہیں۔

خودساختہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگے داموں روٹی اور نان فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کریں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس ضمن میں صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر نے رحیم یار خان میں اکبرایکسپریس کے حادثے میں 21افراد کی ہلاکت کے واقع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ دے۔ صوبائی وزیر نے حسن ابدال کے نزدیک ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی اظہار افسوس کیا۔