آئی جی پنجاب کی ولہار ٹرین حادثے میںامدادی سرگرمیوں پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش

ہسپتال میں امدادی کیمپ و انفارمیشن ڈیسک کا قیام اور زخمیوں کیلئے خون کے عطیات لائق ستائش ہیں ‘کیپٹن (ر ) عارف نواز

جمعرات 11 جولائی 2019 20:27

آئی جی پنجاب کی ولہار ٹرین حادثے میںامدادی سرگرمیوں پر رحیم یار خان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ رحیم یار خان میں ولہار اسٹیشن پر ہونے والا ٹریفک حادثہ انتہائی افسوس ناک ہے اور پنجاب پولیس متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔ انہوں نے ڈی پی او رحیم یار خان عمر سلامت، اے ایس پی ڈاکٹر حفظ الرحمن بگٹی، ڈی ایس پی فیاض احمد پنسوتہ اورامدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے دیگر افسران واہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میںپولیس افسران اور جوانوںنے جس جذبے کے ساتھ زخمیوں کو بروقت امداد مہیا کی وہ پوری فورس کیلئے قابل تقلید روشن مثال ہے ۔

آئی جی پنجاب نے ٹرین حادثے کے ز خمیوں کی امداد اور سہولت کیلئے اقدامات کو جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ا گر اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس سے وسائل یا کسی دوسری مدد کی ضرورت ہے تو فوری طور پر مطلع کیا جائے ، متعلقہ ساز و سامان کی بروقت فراہمی میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی علی الصبح پیش آنے والے حادثے کی اطلاع ملتے ہی سب سے پہلے ڈی ایس پی ٹریفک پولیس فیاض احمد پنسوتہ اوراے ایس پی ڈاکٹر حفظ الرحمن بگٹی موقع پر پہنچے اوردیگر افسران نے بھاری نفری کے ساتھ ولہار اسٹیشن پہنچ کر گاڑی سے جاں بحق ،زخمیوں سمیت دیگر افراد کو نکالنے کا کام شروع کر دیا۔

کچھ ہی دیر بعد ڈی پی او رحیم یار خان عمر سلامت بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا حصہ بن گئے اور اپنی نگرانی میں جائے حادثہ کا ریسکیو آپریشن مکمل کروایا۔پولیس کی زیر نگرانی زخمیوں کی فوری طبی امداد کیلئے ہسپتالوں میں امدادی کیمپ قائم کئے گئے جبکہ پولیس کے جوانوں نے زخمیوں کی جانیں بچانے کے لیے رضا کارانہ طور پر دل کھول کر خون کے عطیات بھی دئیے جس کی بدولت کئی قیمتی انسانی جانوں کو بچا لیا گیا ۔

یہ امر قابل ذکرہے کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر آر پی او رحیم یار خان عمران محمود بھی جائے حادثہ ولہار اسٹیشن پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، ریسکیو، پاک فوج سمیت ضلعی انتظامیہ کے دیگر اداروں کے بروقت رسپانس کی وجہ سے کافی انسانی جانیں بچا لی گئیں ورنہ جس شدت کا حادثہ ہے جانی نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کاؤنٹرز سے متاثرین کے ورثاء کو معلومات اور رہنمائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہسپتالوں میں ٹرین حادثہ میں زخمی ہونے والے ہر ایک شخص کے ساتھ ایک ایک پولیس اہلکار بطور تیمار دار فرائض سر انجام دے رہا ہے اور اس کے ورثاء کے آنے تک پولیس یہ فریضہ سرانجام دیتے رہے گی۔