وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس آمد، مرکزی کنٹرول روم کا دورہ

کنٹرول روم میں موسم، بارشوں، برفباری اور رودکوہی کے بارے میں پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا مشاہدہ اضلاع میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ،وسائل اور الائونس بھی ملیں گے گرائونڈ واٹر ری چارجنگ سسٹم اور بارش کے پانی کے نکاس کیلئے ڈرین واٹر ہارویسٹنگ ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا جائزہ ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی محکمانہ کارکردگی، دستیاب وسائل اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ

جمعرات 11 جولائی 2019 21:14

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس آمد، مرکزی کنٹرول روم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کے ہیڈآفس میں قائم کنٹرول روم کے مختلف شعبے دیکھے۔ موسم، بارشوں، برفباری اور رودکوہی کے بارے میں پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا مشاہدہ کیا اور پی ڈی ایم اے کے امداد ی سامان کیلئے مختص ڈیش بورڈ بھی دیکھا۔

وزیراعلیٰ کو ڈیزاسٹر کے حوالے سے میڈیا واچ روم کا مشاہدہ بھی کرایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں مختلف محکموں کے فوکل پرسنز سے ان کے فرائض کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے فوکل پرسن سے سیلاب کی صورت میں محکمانہ ذمہ داریوں کے بارے میں استفسار کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں خالد محمود اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے راجہ خرم شہزاد نے تفصیلی بریفنگ دی۔

پی ڈی ایم اے کے مخصوص ڈیش بورڈ سے چند دیہات سے متعلق تفصیلی ڈیٹا بھی شرکاء کے سامنے آزمائشی طور پر پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کے ہیڈ آفس میں اجلاس کی صدارت کی جس میں اضلاع میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بارش کے پانی کے نکاس کیلئے ڈرین واٹر ہارویسٹنگ ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر غور کیا گیا اور اربن ایریا میں گرائونڈ واٹر ری چارجنگ سسٹم کے نفاذ کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا دائرہ کار بتدریج اضلاع تک بڑھائیں گے۔ پی ڈی ایم اے کو درکار وسائل کی فراہمی کی ذمہ داری پوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رودکوہی اور دیگر قدرتی آفات کی پیش گوئی کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔پی ڈی ایم اے کے سٹاف کیلئے الائونسز اور دیگر وسائل بھی مہیا کریں گے۔اجلاس میں صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں محمد خالد محمود، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو صوبائی وزیر میاں محمد خالد محمود نے شیلڈ بھی پیش کی۔