ڈوگرہ فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والے شہداء نے کشمیر یوںکی سیاسی جدوجہد کی بنیاد فراہم کی ،اشرف صحرائی

بھارت گرفتاریوں، ظلم و تشدد کے ہتھکنڈے استعمال کر کے اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا،حریت رہنماء کا 13جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت

جمعرات 11 جولائی 2019 21:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میںتحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے 13جولائی 1931کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈوگرہ فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والے ان 22شہداء نے کشمیر یوںکی سیاسی جدوجہد کی بنیاد فراہم کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ شہداء نے استحصالی نظام کو للکارا جس میں سیاسی اور جمہوری حقوق سلب کر لئے گئے تھے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے ہمیشہ شہداء جنہوںنے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی قیمتی جانوںکو نذرانہ پیش کیا ہے کی عظیم قربانیوںکوقدر کی نگاہ سے دیکھا ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اشرف صحرائی نے کہاکہ 13جولائی 1931کے شہداء نے ظالم ڈوگرہ شخصی راج کے خلاف اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 13جولائی کے شہداء کی قربانیوںکا مقصد آمریت سے آزادی حاصل کرنا اور ریاست میں حقیقی جمہوریت قائم کرنے کیلئے عوام کو متحرک کرنا تھا جو اگرچہ ابھی تک قائم نہیں ہو سکی ہے ۔

تاہم انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے اس مقصد کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال جانی و مالی قربانیاں دی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیریوںکی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے گرفتاریوں، ظلم و تشدد ، قتل عام اور طاقت کے وحشیانہ استعمال سمیت ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے تاہم انہوںنے کہاکہ وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔ تحریک حریت کے چیئرمین نے بھارت پر زوردیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ترک کر تے ہوئے کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دے تاکہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم ہو سکے ۔