Live Updates

اسحاق ڈار پلی بارگین کی آپشن قبول کرنے کیلئے تیار ہوگئے

سابق وزیر خزانہ حکومت کو 1 ارب ڈالرز کی رقم واپس کرنے کیلئے تیار ہیں: سینئر صحافی چوہدری غلام حسین کا دعویٰ

muhammad ali محمد علی جمعرات 11 جولائی 2019 20:01

اسحاق ڈار پلی بارگین کی آپشن قبول کرنے کیلئے تیار ہوگئے
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جولائی 2019ء) اسحاق ڈار پلی بارگین کی آپشن قبول کرنے کیلئے تیار ہوگئے، چوہدری غلام حسین کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ حکومت کو 1 ارب ڈالرز کی رقم واپس کرنے کیلئے تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی چوہدری غلام حسین کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پلے بارگین کی آپشن استعمال کرنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔

چوہدری غلام حسین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں موجود اسحاق ڈار پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے اسحاق ڈار نے اپنے ایک دوست کے ذریعے حکومت کو خصوصی پیغام بھیجا ہے۔ اسحاق ڈار نے پیش کش کی ہے کہ حکومت انہیں بتائے کہ ان کہ وجہ سے قومی خزانے کو کتنا نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے ذمے جو بھی پیسے بنتے ہوئے، وہ اس رقم کو دینے کیلئے راضی ہیں۔ انہیں بس پاکستان واپس آنے کی اجازت دی جائے، اور گرفتار نہ کیا جائے۔

چوہدری غلام حسین اور تجزیہ کار و سینئر صحافی صابر شاکر نے اس حوالے سے مزید بتایا ہے کہ بیرون ملک ایک اکاونٹ پکڑا گیا ہے جس میں ایک ارب ڈالرز کی رقم موجود ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ اکاونٹ اسحاق ڈار کا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اسحاق پکڑے جانے والے اکاونٹ میں موجود رقم بھی حکومت کو دینے کیلئے تیار ہیں۔ اسحاق ڈار ہر صورت پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں اور خود پر مقدمات بھی ختم کروانے کے خواہاں ہیں۔ اسی لیے سابق وزیر خزانہ حکومت کی جانب سے دی گئی پلی بارگین کی آپشن قبول کرنے کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان نے خود اعلان کیا تھا کہ وہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے، تاہم پیسے واپس کرکے جان بخشی ضرور کروائی جا سکتی ہے۔                
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات