سفید مکھی کپاس کی فصل کا خطرناک کیڑا ، پتوں کا رس چوس کر پودے کو کمزور کر دیتا ہے،زرعی ماہرین

شدید حملے کی صورت میں کپاس کے پتے پھپھوندی لگنے کی وجہ سے کالے ہو جاتے ہیںاور خوراک بنانے ، بڑھوتری و پھل لگنے کا عمل متاثر ہوتا ہے،محکمہ زراعت

جمعرات 11 جولائی 2019 22:44

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2019ء) محکمہ زراعت کے زرعی ماہرین نے بتایا ہے کہ سفید مکھی کپاس کی فصل کا ایک خطرناک کیڑا ہے جو ابتداء میں پتوں کا رس چوس کر پودے کو کمزور کر دیتا ہے اور شدید حملے کی صورت میں کپاس کے پتے پھپھوندی لگنے کی وجہ سے کالے ہو جاتے ہیںاور خوراک بنانے ، بڑھوتری و پھل لگنے کا عمل متاثر ہوتا ہے ۔

سفید مکھی پتہ مروڑ وائرس کا باعث بنتی ہے اور اس سے کپاس کی پیداوار میں 60فیصد تک کمی واقع ہونے کے ساتھ پھٹی کی کوالٹی بھی متاثرہوتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سفید مکھی کے موثر تدارک کے لئے کاشتکار ابتدا میں نائٹروجنی کھاد کا استعمال کم کریں اور ہفتے میں دوبار پیسٹ سکائوٹنگ کریں اور اگر سفید مکھی کی معاشی حد 5بالغ یا بچے نظر آئیں تو فوراًً محکمہ زراعت (توسیع یا پیسٹ وارننگ ) کے مقامی ماہرین کے مشورے سے سپرے کریں ۔

(جاری ہے)

کاشتکار چھ دنوں کے وقفہ کے بعد دوسرا سپرے کریں اور سپرے ترجیحاًً صبح یا شام کے وقت کیا جائے۔ اس کے علاوہ سپرے کے لیے ہالوکون نوزل کا استعمال کیا جائے۔ مطلوبہ نتائج کے لیے 100لیٹر پانی فی ایکڑ استعمال کریں تاکہ دوائی یکساں اور پودے سے پودے تک پہنچ سکے ۔ ایک زہر کا بار بار استعمال نہ کیا جائے ۔انہوںنے مزید کہا کہ کھیتوں میں پیلے رنگ کی4لیس دار چپکنے والے کارڈ کا استعمال کیا جائے اور انہیں 15دن کے وقفہ سے تبدیل کیا جائے ۔ کھیت کے اندر اور کھیت کے باہر جڑی بوٹیوں کو تلف کیا جائے ۔ کاشتکار فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں ۔

متعلقہ عنوان :