لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اسپتال اور سول اسپتال میں ادویات اور بنیادی سہولیات کی کمی دور کی جائے

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا مطالبہ

جمعرات 11 جولائی 2019 23:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اسپتال اور سول اسپتال میں ادویات اور بنیادی سہولیات کی کمی دور کی جائے ،پیرا میڈیکل اسٹاف بھرتی کئے جائیں ، ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو تنخواہیں ادا کی جائیں ۔یہ مطالبات ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر روشن چانڈیو اور دیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کئے انہوں نے کہاکہ سول اسپتال میں کوئی مناسب انتظام نہیں ہے صفائی و ستھرائی کی صورتحال ابتر ہے مریضوں کے لیے مضرِ صحت کھانا تیار کیا جاتا ہے واش رومز کی حالت ناگفتہ بہ ہے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز کو وارڈز میں کمرہ نہیں دیا گیا اسٹاف روم اگر ہیں بھی تو ان میں واش روم نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسپتال میں ادویات کی کمی نہیں ہے لیکن یہ کہاں جاتی ہیں کچھ معلوم نہیں ہے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز اگر دوپہر2بجے کے بعد مریض کے لیے دوا لکھ کر دیتے ہیں تو اسپتال کے اسٹور سے جاری نہیں کی جاتی ، غریب مریضوں کو عام اسٹورز سے خرید کر لانا پڑتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لیاقت یونیورسٹی کے حیدرآباد اور جام شورواسپتال میں آلات جراحی کی کمی ہے اور پیر امیڈیکل اسٹاف بھی نیا بھرتی نہیں کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز کے لیے الگ واش روم ، الگ کینٹین یا کیفے ٹیریا ہونا چاہیے اور دونوں اسپتالوں میں لائبریاں بھی قائم کی جائیں انہوں نے کہاکہ سول اسپتال میں نجی میڈیکل کالجوں کے ڈاکٹرز بھی ہاؤس جاب کرتے ہیں لیکن انہیں تنخواہیں ادا نہیں کی جاتی ہیں اور نہ ہی پوسٹ گریجویشن کرنے والے ڈپلومہ ہولڈر ڈاکٹرز کو اضافی الاؤنس دیا جاتا ہے انہوں نے کہاکہ پی ایم ڈی سی اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق تمام ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو تنخواہیں ادا کی جائیں انہوں نے کہاکہ لیاقت میڈیکل اسپتال جام شورو اور سول اسپتال کی صورتحال کا نوٹس لیا جائے اعلیٰ حکام اور ججز یہاں دورہ کریں اور سول سوسائٹی بھی مسائل پر آواز اٹھائے -