عصری تعلیمی بورڈز کے سالانہ امتحان میں مدارس کے طلبہ و طالبات نے پوزیشنز حاصل کرنے کا ریکارڈ برقرار رکھا

کراچی ثانوی بورڈ کے جنرل گروپ کی تینوں پوزییشنز وفاق المدارس سے ملحق اداروں کی طالبات نے حاصل کیں

جمعرات 11 جولائی 2019 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2019ء) ملک کے مختلف سرکاری تعلیمی بورڈز میں مدارس دینیہ کے طلبہ و طالبات نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں، پشاور میٹرک بورڈ آرٹس گروپ میں جامعہ عثمانیہ پشاور کے طالبعلم ادریس بختیار نے 984 نمبرز حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کراچی ثانوی بورڈ (میٹرک بورڈ) کے جنرل گروپ میں پہلی اور تیسری پوزیشن البدر اسلامک اسکول اور دوم پوزیشن اقراء روضةالاطفال کی طالبہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق ابھی ملک کے دیگر بورڈز کے نتائج آنے والے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فیڈرل بورڈ کی میٹرک سمیت ملک کے آٹھ تعلیمی بورڈز میں مدارس دینیہ کے طلبہ وطالبات نے پوزیشنز حاصل کی تھیں، انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے ہزاروں مدارس درس نظامی سمیت عصری نصاب تعلیم پڑھانے کے ساتھ اعلی تربیت بھی دے رہے اور اس سال سالانہ امتحان ملک بعض علاقوں میں بیک وقت عصری بورڈز کے امتحان کے ساتھ وفاق المدارس کے بھی سالانہ امتحانات جاری تھے اور کئی طلبہ وطالبات نے دونوں بورڈز میں ایک ساتھ امتحان میں شرکت کر کے ایک نئی روایت بھی قائم کی، اس صورتحال میں جن طلبہ و طالبات نے دونوں نصاب تعلیم کے ساتھ امتحان میں شرکت کر کے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ یقینا قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

عصری تعلیمی بورڈز میں جن طلبہ و طالبات نے کامیابیاں وپوزیشن حاصل کی ہیں ان کو اور ان تعلیمی اداروں کے ذمہ داران و منتطمین کو وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، نائب صدور مولانا انوار الحق حقانی، مفتی محمد رفیع عثمانی، ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری، ناظم صوبہ سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی، مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید، میڈیا کوارڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی سمیت اراکین عاملہ، منتظمین ومسئولین نے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پہ قائدین وفاق المدارس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ نمایاں پوزیشنز کے حصول سے مدارس دینیہ کی اعلی تعلیمی خدمات یقینا دیگر تعلیمی اداروں کیلئے ایک مثال اور مدارس کیلئے اعزاز ہے۔