Live Updates

بلاول بھٹو کا صادق آباد ٹرین حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

ٹرین حادثے معمول بنتے جارہے ہیں، ریلوے کے وزیر کچھ نہیں کر رہے، حادثات پر انکوائری ہونی چاہئے، شیخ رشید مستعفی ہوجائیں، بلاول بھٹو

جمعرات 11 جولائی 2019 23:44

بلاول بھٹو کا صادق آباد ٹرین حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صادق آباد ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ حادثے کی خبر سن کر انہیں انتہائی صدمہ ہوا۔ متاثرہ خاندانوں کے لئے یہ قیامت کی گھڑی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فورا متاثرہ خاندانوں کے لئے امداد کا اعلان کرے۔

انہوں نے ریلوے کے وزیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثے معمول بنتے جارہے ہیں، ریلوے کے وزیر کچھ نہیں کر رہے۔ انہوں نے ریلوے کے وزیر کو حادثوں کے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف انکوائری ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید جب سے وزیر بنے ہیں، بتایا جارہا ہے کہ ریلوے ٹریک کی مرمت کے لئے ضروری مٹیریل تک فراہم نہیں کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ حادثات پر انکوائری مکمل ہونے تک شیخ رشید کو چاہئیے کہ وزارت سے مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین حادثات پر وزیر کے مستعفی ہونے کی مطالبات کرنے والے وزیراعظم کیا اپنے وزیر سے بھی استعفی مانگیں گی انہوں نے کہا کہ خدا جانے کب تک موجودہ وزیر کے ماتحت محکمہ ریلوے حادثات کی شکل میں ابتری کا شکار رہے گا۔

یہ وہی وزیر موصوف ہیں جنہوں نے ڈکٹیٹر مشرف کے دور میں بھی محکمہ ریلوے کو تباہ کر دیا تھا، جس کا خمیازہ قومی خزانے، عوام اور ملک کو بھگتنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے بڑے فخر سے شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت دی اور آج خان صاحب کا یہ فیصلہ بھی غلط ثابت ہوا ہے۔ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے دونوں موصوف نے مِل کر کئی نئی ٹرینوں کا افتتاح کیا، لیکن درحقیقت پوائنٹ اسکورنگ کی خاطر پرانی بوگیوں کو ملا کر انہِن نئی ٹرینوں کا نام دیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محکمہ ریلوے اور ملک کو ایک ہی انداز میں چلایا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات