جو ویڈیوزابھی دکھائی نہیں، وہ بہت نقصان دہ ہیں، مریم نواز

ان ویڈیوزمیں جج ارشد ملک نےکچھ اعلیٰ شخصیات کے نام لیے ہیں، کچھ ویڈیوز میں اعلیٰ شخصیات ساتھ بیٹھی ہوئی ہیں، ویڈیوز کی مدینہ میں بھی ریکارڈنگ ہوئی، ویڈیو جاری کرنے سے پہلے ملکی مفاد کو مدنظر رکھا گیا۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 11 جولائی 2019 20:43

جو ویڈیوزابھی دکھائی نہیں، وہ بہت نقصان دہ ہیں، مریم نواز
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جولائی 2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جو ویڈیو زابھی دکھائی نہیں، وہ بہت نقصان دہ ہیں، ان ویڈیوز میں جج ارشد ملک نے کچھ اعلیٰ شخصیات کے نام لیے ہیں، کچھ ویڈیوز میں اعلیٰ شخصیات ساتھ بیٹھی ہوئی ہیں، ویڈیوز کی مدینہ میں بھی ریکارڈنگ ہوئی۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی طبیعت کچھ عرصے سے خراب ہے، لیکن وہ مجھے تاکید کرتے ہیں کہ میری طبیعت کا ذکر نہیں کرنا۔

اب ان کاکھانا بھی بند کردیا گیا ہے۔ حکومت بڑی چھوٹی حرکتیں کررہی ہے، اسٹیڈیم میں پانی چھوڑ دیا، کھانا بن کردیا، ڈاکٹرز کو ملنے کی اجازت نہ دینا، پانچ سے چھٹا آدمی ان سے مل نہیں سکتا، نوازشریف نے مجھے سختی سے روکا کہ آپ نے میرے کھانے سے متعلق بات نہیں کرنی، میں جیل میں جو باقی قیدیوں کو ملتا ہے وہی کھانا کھاؤں گا۔

(جاری ہے)

حکومتی ترجمانوں کو صرف نوازشریف اور مریم نواز کی چھوٹی چھوٹی باتوں کا جواب دینے کیلئے رکھا ہوا ہے۔

کیا ان کا کام یہ ہے؟ نوازشریف کو ہفتے میں تین سے چار بار انجائنا ہوتا ہے۔ ان کی طبیعت خراب ہے۔ ان کا بلڈ پریشر کنٹرو ل نہیں، ان کے پاس سپرے ہے جو وہاں کر لیتے ہیں۔ان کو صرف جیل میں ایک ڈاکٹر جو باقی قیدیوں کیلئے ہے وہی چیک کرتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو رات کو بتا رہے تھے ، مجھے بھی جیل میں وہی کھانا ملتا تھا، پتلا ساشوربہ ہوتا ہے اور ایک بڑی روٹی ہوتی ہے۔

مریم نوازنے کہا کہ میں اسلام آباد میں تھی تو ناصر بٹ نے مجھ سے رابطہ کیا کہ میں آپ کواپنے لیڈر نوازشریف کی بے گناہی کے ثبوت دینا چاہتا ہوں،میرے لیڈر نے جگہ جگہ قانون کا دروازہ کھٹکھٹایا، وہ آئے اور ویڈیو دکھائی تو میں حیران رہ گئی۔ 2ویڈیوز اور بھی ہیں جس میں کچھ اعلیٰ شخصیات بھی بیٹھی ہوئی ہیں ۔جو ویڈیو جاری نہیں کیں ، وہ بہت خطرناک ہیں،یہ ویڈیو بہت سادہ تھی،ان ویڈیوز میں جج صاحب نے کچھ اعلیٰ شخصیات کے نام لیے ہیں۔

اس سے پہلے نوازشریف کو جج صاحب نے پیغامات بھی بھجوائے کہ مجھے ڈراؤنے خواب آتے ہیں، میں عمرہ کر کے آیا ہوں، اللہ سے معافی مانگی ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ میرے ساتھ جو ہونا تھا وہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے چاہنے والے ہر جگہ موجود ہیں،مدینہ میں بھی ریکارڈنگ ہوئی ہے۔میری والدہ کی انتقال کے بعد میں اور میرے والد بھائیوں سے مل نہیں سکے۔ لیکن ہم نے انتقام کوسنجیدہ نہیں لیا، بلکہ ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔