ڈی آئی جی نے ہزارہ ڈویژن کے ڈی پی اوز کو غیر قانونی چیئر لفٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا

جمعہ 12 جولائی 2019 00:09

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن محمد علی بابا خیل نے عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے ہزارہ بھر کے ڈی پی اوز کو قائم کردہ غیر قانونی چیئر لفٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ہزارہ محمد علی بابا خیل نے عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی اوز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں قائم کردہ چیئر لفٹس کے پرمٹ کو چیک کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ سے ان کی تصدیق کروائیں، غیر قانونی طور پر قائم کردہ چیئر لفٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور چیئر لفٹ مالکان کو اس کا پابند بنایا جائے کہ وہ متعلقہ محکمہ سے چیئر لفٹ کی رجسٹریشن کو ممکن بنائے۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عوام کا جانی تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ہزارہ نے ڈی پی اوز کو کہا کہ وہ متعلقہ سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت دیں کہ وہ مسافروں کے تحفظ کے حوالہ سے بھی چیئر لفٹوں والے مقامات کے معائنے کریں تاکہ چیئر لفٹ دہشت گرد اور جرائم پیشہ افراد کی آمدورفت میں نہ استعمال ہو رہی ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ چیئرلفٹ کی مکینکل حالت کی بھی وقتاً فوقتاً جانچ پڑتال کی جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو۔ چیئر لفٹ مالکان اور وہاں پر کام کرنے والے دیگر اہلکاروں کے مکمل کوائف متعلقہ تھانہ میں موجود ہونے چاہئیں اور ان کی باقاعدہ پولیس تصدیق ہونی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :